ٹک ٹاک خریدنے پر مائیکروسافٹ کو ٹیکس دینا ہوگا: ٹرمپ

اگر 15 ستمبر تک ٹک ٹاک ایپ خریدنے کا معاہدہ طے نہیں پاتا تو اپنے ملک میں چینی ایپ بند کر دیں گے: امریکی صدر

714

واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے اگر امریکی کمپنی مائیکروسافٹ چین کی وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک خرید لیتی ہے تو حکومت کو ٹک ٹاک کے امریکی یونٹ سے ٹیکس وصول کرنا چاہیے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے مائیکرو سافٹ کے سربراہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں ایپ خریدنے کی صورت میں خاطرخواہ ٹیکس کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر 15 ستمبر تک ٹک ٹاک ایپ خریدنے کا معاہدہ طے نہیں پاتا تو وہ امریکہ میں ٹک ٹاک ایپ بند کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ممکنہ کوششیں کر رہے ہیں کہ اگر مائیکروسافٹ ٹک ٹاک ایپ خرید لیتی ہے تو امریکی حکومت کو ٹیکس کا ایک بڑا حصہ ملنا چاہیے اور اس سے متعلق کسی نے بھی نہیں سوچا لیکن میں ایسا کر رہا ہوں کیونکہ میں ایسا ہی سوچتا ہوں اور میرے خیال میں یہ بہت ہی منصفانہ فیصلہ ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے چینی سوشل میڈیا جائنٹ بائٹ ڈانس کی ملکیت ٹک ٹاک اور دیگر پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امریکی شہریوں کا ڈیٹا چینی حکومت کو فراہم کر رہی ہے تاہم چینی حکومت اور ٹک ٹاک نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

چینی ایپ ٹک ٹاک امریکہ سمیت دنیا بھر میں استعمال کی جاتی ہے جسے تقریباً 2 ارب دفعہ ڈائون لوڈ کیا جا چکا ہے جن میں 16 کروڑ سے زائد مرتبہ اس ایپ کو امریکہ میں ڈائون لوڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here