پی آئی اے کا غیر ملکی جہازوں اور ہوابازوں کی مدد سے برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے کا اعلان

مشکوک لائسنس والے ہوابازوں کا معاملہ سامنے آنے پر برطانیہ نے پی آئی اے پر پابندی لگادی تھی، موقع کا فائدہ اُٹھا کر نجی ائیرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا جس پر پی آئی اے نے غیر ملکی ہوابازوں اور جہازوں کی مدد سے پروازوں کی جزوی بحالی کا فیصلہ کیا ہے

715

کراچی : قومی ہوائی کمپنی پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز نے برطانیہ کے لیے پروازوں کی جزوی بحالی کا اعلان کردیا ہے۔

ائیر لائن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے لیے پروازیں 14  اگست سے جزوی طور پر بحال کی جارہی ہیں اور مسافر لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کا سفر براہ راست فلائٹس کے ذریعے کرسکے گے۔

اس مقصد کے لیے پی آئی اے نے یورپی کمپنیوں کے ہوائی جہازوں اور غیر ملکی ہوابازوں کی خدمات حاصل کرلیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

 ٹرمپ نیویارک میں واقع پی آئی اے کا روز ویلیٹ ہوٹل خریدنا چاہتے ہیں 

پاکستان میں پائلٹوں کو جعلی لائسنس کا اجرا عام بات ہے : ہوابازوں کا انکشاف

واضح رہے کہ مشکوک لائسنس والے ہوابازوں کا معاملہ سامنے آنے پر برطانیہ نے قومی ائیر لائن کی پروازوں پر پابندی لگا دی تھی جس کے بعد مسافروں کے پاس برطانیہ کے سفر کے لیے نجی یا غیر ملکی ائیر لائنز کا آپشن ہی بچا تھا مگر نجی فضائی کمپنیوں کی جانب سے کرایوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث قومی ائیر لائن نے غیر ملکی کمپنیوں کے جہازوں اور ہوابازوں کی مدد سے برطانیہ کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے اس اقدام کے باعث کرایوں کے واپس پرانی سطح پر جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے قومی ائیر لائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں پروازوں کا شیڈول عید الاضحی کے بعد جاری کیا جائے گا۔

قومی ائیر لائن کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برٹش ائیر ویز نے بھی کورونا کے باعث پاکستان کے لیے اپنا معطل فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس تناظر میں برٹش ائیر ویز کی پہلی پرواز ہیتھرو ائیرپورٹ سے براہ راست اسلام آباد کے ہوائی اڈے پہنچے گی جس مقصد کے لیے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here