اسلام آباد: وزیرِ اعظم نے بجلی اور گیس کے صارفین کے لئے غیر ضروری مسائل پیدا کرنے والے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات معیشت کے استحکام کے لئے ضروری ہیں، انتظامی خامیوں، چوری، کرپشن اور دیگر مسائل کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے، یہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، معاونین خصوصی ندیم بابر اور شہزاد قاسم و دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیرِاعظم کو توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحاتی عمل، ملکی ضروریات کے مطابق بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، گیس کے شعبے میں اصلاحات اور توانائی کے شعبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ملکی معیشت کے استحکام کے لئے ازحد ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں موجود انتظامی خامیوں، چوری، کرپشن اور دیگر مسائل کا سارا بوجھ عوام الناس کو برداشت کرنا پڑتا ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحاتی لائحہ عمل پر مقررہ ٹائم لائنز کے ساتھ عمل درآمد کے لئے ایکشن پلان مرتب کیا جائے۔ وزیرِاعظم نے بجلی اور گیس کے شعبے میں صارفین کے لئے غیر ضروری مسائل پیدا کرنے والے اور بدعنوانیوں کے مرتکب عناصر کے حوالے سے ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی یقینی بنائی جائے۔