سیئول: جنوبی کورین موٹر ساز کمپنیوں کی گاڑیوں کی آسیان مارکیٹ میں فروخت میں تین سال کے دوران اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ ویتنام میں ان گاڑیوں کی مانگ بڑھنا ہے۔
کوریا آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورین آٹو انڈسٹری مصنوعات کی جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں میں مانگ تین سال سے مسلسل بڑھ رہی ہے بالخصوص ویتنام کورین گاڑیاں خریدنے والا بڑا ملک بنتا جا رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 2019ء کے دوران تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، سنگاپور، ویتنام اور فلپائن سمیت 6 آسیان ممالک کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار595 گاڑیاں برآمد کی گئیں جو کہ ان ملکوں کی آٹو مارکیٹ کے 5.2 فیصد کے برابر ہیں۔
اس سے قبل انہی ممالک کو 2018ء میں ایک لاکھ 68 ہزار 834 اور 2017ء میں ایک لاکھ 33 ہزار 937 کورین گاڑیاں برآمد کی گئی تھیں۔
دوسری جانب جاپان نے 2019ء کے دوران چھ آسیان ممالک کو 2.63 ملین گاڑیاں فروخت کیں جو بلاک کی کل وہیکل مارکیٹ کا 74 فیصد ہیں تاہم آسیان میں جاپانی شیئر 2018ء کے 76 اور 2017ء کے 77 فیصد سے کم رہا ہے۔