500 کے وی یوسف والا گرڈ سٹیشن پر 600 ایم وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب مکمل

911

اسلام آباد: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے 500 کے وی گرڈ سٹیشن یوسف والا ساہیوال پر 600 ایم وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا۔ ٹرانسفارمر پورے لوڈ سے چلا دیا گیا ہے۔

ہفتہ کوافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹرانجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے کہا کہ 600 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کی تنصیب کا کام مکمل ہونے سے گرڈ سٹیشن کی استعداد 1800 ایم وی اے تک پہنچ گئی ہے۔

اس طرح ملتان الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی (میپکو) کے علاقوں ساہیوال، چیچہ وطنی، پاکپتن، عارف والا، کسووال، وہاڑی، چشتیاں اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیرکنٹرول علاقوں اوکاڑہ، سرفراز نگر اور لاہور جبکہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کےکچھ علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں بہتری آئے گی جس کے نتیجے میں سسٹم سے اوور لوڈنگ میں کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔

منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ این ٹی ڈی سی نے سسٹم سے نقائص دور کرنے کی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے ترسیلی نظام کی استعداد کو بڑھانے کیلئے مختلف گرڈ سٹیشنز پر ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 220 کے وی گرڈ سٹیشن گوجرانوالہ کے صنعتی علاقے کے نزدیک واقع ہونے کی وجہ سے صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے علاقے میں بجلی کی طلب کے باعث اوولوڈنگ کا شکار ہے۔

این ٹی ڈی سی نے 160 ایم وی اے کا ٹرانسفارمر 220 کے وی گرڈ سٹیشن گکھڑ پر نصب کرنے کا کام شرو ع کر دیا ہے، اس ٹرانسفارمر کی تنصیب سے گوجرانوالہ ریجن میں اوولوڈنگ کے مسائل کا خاتمہ ہو گا۔

اسی طرح 500 کے وی روات گرڈ سٹیشن پر بھی 160 ایم وی اے کا ٹرانسفارمر نصب کیا جا رہا ہے جس کا کام مکمل ہونے پر گرڈ سٹیشن کی 220 کے وی لیول پر استعداد 910 ایم وی اے تک بڑھ جائے گی۔

ٹرانسفارمر کی تنصیب سے ناصرف پہلے سے موجود ٹرانسفارمر کا لوڈ شیئر ہو گا بلکہ آئیسکو کے علاقوں راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم اور چکوال میں وولٹیج پروفائل میں بہتری اور جبری لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ مذکورہ ٹرانسفارمرز کی انرجائزیشن اسی موسم گرما میں مکمل کی جائے گی۔

منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے یقین دلایا کہ ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کام فاسٹ ٹریک پر مکمل کیا جائے گا تاکہ گیپکو اور آئیسکو کے صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے کہا کہ این ٹی ڈی سی نے تنصیبی کام ہنگامی بنیادوں پر کرتے ہوئے مقررہ ہدف سے پہلے مکمل کیا حالانکہ کورونا وائرس کے باعث کافی مشکلات کا سامنا رہا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد قاسم اور سیکرٹری پاور ڈویڑن عمر رسول نے منصوبے کی جلد تکمیل پر این ٹی ڈی سی مینجمنٹ اورٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here