کراچی: سندھ حکومت کراچی میں عید الضحیٰ کی چھٹیوں کے موقع پر نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور دیگر میونسپل سروسز فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات کے پیش نظر ہر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن (ڈی ایم سیز) کو 10 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ دے گی۔
وزیراطلاعات و نشریات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایک اجلاس کے دوران عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کی حتمی حکمتِ عملی کا اعلان کیا، وزیراطلاعات سندھ کے ساتھ مئیر کراچی اور حیدرآباد، کمشنر کراچی، ڈی ایم سیز سینٹرل کے چئیرمین، کورنگی، ایسٹ اینڈ ویسٹ ڈسٹرکٹ کے علاوہ دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
سید ناصر حسین شاہ نے بلدیاتی حکام سے عید کے تینوں دنوں کے دوران جانوروں کے فضلہ جات کو ٹھکانے لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس حوالے سے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی بھرپور مدد کرے گی۔
سیکرٹری بلدیاتی حکومت روشن علی شیخ نے کہا کہ عید الضحیٰ کے موقع پر ہر یونین کونسل کو قربانی کے جانوروں کے لیے خصوصی جگہیں دی جا چکی ہیں، جانوروں کے فضلے کو شہر سے باہر ٹھکانے لگایا جائے گا، یہ حکمتِ عملی اس لیے اپنائی ہے تاکہ شہر میں ہر جگہ جانوروں کے فضلہ جات نہ پھینکے جائیں۔
اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عید الضحیٰ سے پہلے صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کی مہم شروع کرنے سے دُور رس نتائج سامنے آئیں گے، جانوروں کی باقیات اور آلائشیں لے جانے والے ٹرکوں کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔
سید ناصر حسین شاہ نے متعلقہ حکام کو عیدِ قربان کے لیے تمام اقدامات کی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔