حکومت برآمدات میں اضافہ، درآمدات میں کمی لا کر معاشی استحکام کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے: عبد الرزاق دائود

660
APP38-23 ISLAMABAD: July 23 - Advisor to PM on Commerce and Investment, Abdul Razak Dawood in a meeting with a delegation of businessmen. APP

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کو بہترین ترغیبات اور منافع بخش پیکج دے کر برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کے ذریعے ملکی معاشی استحکام کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک کی سربراہی میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ایس ایم منیر ، خالد تواب ، زبیر طفیل ، سہیل الطاف ، ظفر بختاوری ، ملک سہیل حسین ، وقار احمد میاں اور رحمت اللہ جاوید شامل تھے جبکہ وفاقی سکریٹری تجارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عبد الرزاق دائود نے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام اور صنعت کاری کے فروغ کے لئے بیک وقت مختصر اور طویل مدتی پالیسیوں پر کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نجی شعبہ کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور انہوں نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

مشیر تجارت نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے عالمی بینک کے کاروباری آسانیوں کے انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن 28 پوائنٹس بہتر ہوئی ہے جو بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی حوصلہ افزا اشاریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جاپان ، ویتنام اور جنوبی کوریا کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ایشیائی اور پیسفک مارکیٹس کے ساتھ بھی مربوط کیا جائے گا اور حکومت تجارت کے فروغ کے لئے ان ممالک کے ساتھ بات چیت کرے گی۔

عبدالرزاق دائود نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تمام قابل عمل تجاویز اور جائز مطالبات کو پالیسی سازی کے عمل میں اہمیت دی جائے گی اور ان کی شکایات کے ازالے کے لئے متعلقہ حلقوں کو فوری ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔

اسلام آباد میں سارک چیمبر کے ہیڈ آفس کی 10 منزلہ عمارت کی تکمیل کے حوالے سے مشیر تجارت نے کہا کہ اس سلسلے میں ضروری فنڈز جلد مختص کر دیئے جائیں گے۔

یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ اور ٹی ڈیپ کے سابق چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے وفد کی تجاویز میں دلچسپی اور مطالبات پر غور کرنے پر مشیر تجارت کا شکریہ ادا کیا اور اس ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری برادری خصوصا برآمد کنندگان اور غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے میں بہت مدد ملے گی۔

زبیر طفیل نے مشیر تجارت کو یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد اور کورونا وباءکے بعد درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لئے حکومت کو بھر پور مدد فراہم کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here