اسلام آباد: مالی سال 2019-2020 کے دوران ملک سے کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں گزشتہ برس کے اسی زیرجائزہ عرصے کے مقابلے میں 14.97 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2020 کے دوران ملک سے کھیلوں کے سامان کی برآمدات 262.370 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ مالی سال 2019 میں یہ برآمدات 308.552 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
فٹبال کی برآمدات گزشتہ برس 160.580 ملین ڈالر رجسٹرڈ کی گئی تھیں اور زیرجائزہ عرصے کے دوران یہ برآمدات 10.18 فیصد کمی سے 144.235 ملین ڈالر تک آ گئی ہیں جبکہ گلوز کی برآمدات بھی 96.56 ملین ڈالر سے کم ہو کر 71 ملین ڈالر تک آئیں اس طرح گلوز کی برآمدات میں 26.47 فیصد کمی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ دیگر تمام کھیلوں کے سامان کی برآمدات بھی 8.32 فیصد کم رہیں، یہ برآمدات 51.412 ملین ڈالر سے کم ہو کر 47.135 ملین ڈالر دیکھی گئیں۔
اس دوران، سالانہ اعتبار سے جون 2020 میں کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں بھی 18.516 ملین ڈالر سے 20.30 فیصد کی کمی ہوئی ہے، گزشتہ برس جون 2019 میں یہ برآمدات 23.232 ملین ڈالر رجسٹرڈ کی گئی تھیں۔
سالانہ اعتبار سے فٹبال، گلوز اور دیگر کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں باالترتیب 12.60 فیصد، 42.74 فیصد اور 11.60 فیصد گراوٹ آئی ہے۔
تاہم، ماہانہ اعتبار سے کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں جون 2020 میں 34.24 فیصد اضافہ ہوا ہے، مئی 2020 یہ برآمدات 13.793 ملین ڈالر دیکھنے میں آئیں۔
ماہانہ اعتبار سے فٹبال اور دیگر کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں باالترتیب 91.19 فیصد اور 24.33 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ مالی سال 2020 کے دوران ملک کے تجارتی خسارے میں گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں 27.12 فیصد کمی ہوئی ہے۔