اسلام آباد: ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں جون 2020 میں گزشتہ سال کے اسی زیرجائزہ عرصے کے مقابلے میں 46.52 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جون 2020 میں سیمنٹ کی برآمدات 16.935 ملین ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ برس جون 2019 میں یہ برآمدات 11.558 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
تاہم، سیمنٹ کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر جون 2020 میں مئی 2020 کے مقابلے میں 12.27فیصد کمی آئی ہے، مئی 2020 یہ برآمدات 19.303 ملین ڈالر دیکھی گئی تھیں۔
اس دوران مالی سال 2019-2020 کے دوران ملک سے سیمنٹ کی مجموعی طور پر برآمدات گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 4.52 فیصد کم ہوئی ہے۔
مالی سال 2020 کے دوران ملک سے سیمنٹ کی برآمدات 259.441 ملین ڈالر ہوئیں، گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں مذکورہ برآمدات 271.728 ملین ڈالر ہوئی تھیں۔
مقدار کے لحاظ سے سیمنٹ کی برآمدات 6411359 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 7103373 میٹرک ٹن یعنی 10.79 فیصد بڑھیں۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ مالی سال 2020 میں ملک کے تجارتی خسارے میں گزشتہ سال کی نسبت 27.12 فیصد کی نمایاں کمی آئی ہے۔