او آئی سی سی آئی کی رکن کمپنیوں کی ایک سال میں 1.2 کھرب روپے ٹیکسز کی ادائیگی

671

اسلام آباد: اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کی رکن کمپنیوں نے سال 2019ء کے دوران 1.2 کھرب روپے کے ٹیکسز ادا کئے ہیں۔

120 ارب ڈالر مالیت کے اثاثہ جات کے ساتھ چیمبر پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالہ سے نمایاں مقام رکھتا ہے۔ 2019ء کے دوران او آئی سی سی آئی کی رکن کمپنیوں نے توانائی، ٹیلی کام اور کیمیکل کے شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 معروف غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نمائندگی کرنے والے اوورسیز چیمبر نے سال 2019ء کے مالیاتی نتائج کی رپورٹ جاری کی ہے جس کی تیاری میں 150 رکن اداروں، 50 ذیلی کمپنیوں اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ 57 کمپنیوں کے اعداد و شمار سے مدد لی گئی ہے۔

 سال 2009ء کے بعد چیمبر ہر سال سروے رپورٹ جاری کرتا ہے۔ اوورسیز چیمبر کے صدر ہارون الرشید نے کہا ہے کہ سال 2019ء کے دوران چیمبر کے رکن اداروں نے 1.2 کھرب روپے ٹیکسز کی مد میں ادا کئے، یعنی ہر ورکنگ ڈے میں تقریباً پانچ ارب روپے ادا کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انرجی، تمباکو، ایف ایم سی جی، فوڈ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور بینکنگ پر مشتمل پانچ سیکٹرز میں کام کرنے والی اوورسیز چیمبر کی رکن کمپنیاں ان شعبوں کے مجموعی ٹیکس میں 80 فیصد سے زیادہ کی حصہ دار ہیں۔

 پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کے ادارے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار کے حامل رہے ہیں اور اسی حوالہ سے مستقبل میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here