گندم کی درآمد میں تیزی اور مناسب نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے : ای سی سی

وزارت خوراک کے مطابق گندم کی درآمد کا 72 فیصد ہدف پورا کرلیا گیا، درآمد تیز کرنے لیے درآمدکنندگان کو ٹیکسوں اور ڈیوٹی میں چھوٹ دینے کے علاوہ قیمتوں میں استحکام کے لیے سبسڈی کی ضرورت سے متعلق آگاہ کیا جائے : اقتصادی رابطہ کمیٹی

805

اسلام آباد : کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں گندم کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے وزارت خوراک کو اسکی درآمد میں تیزی لانے کا ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ  نے وزارت خوراک کو یہ بھی ہدایت کی کہ  گندم کے درآمد کنندگان سے ملاقات کرکے بتایا جائے کہ  گندم کی درآمد سے ملکی مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے حکومت کو سبسڈی دینی پڑے گی یا نہیں؟

وزارت خوراک نے ای سی سی کو بتایا کہ صوبائی حکومتوں اور پاسکو کی جانب سے گندم کی درآمد کا 72 فیصد ہدف پہلے ہی حاصل کیا جا چکا ہے اور اسکی مزید درآمد کے لیے 120 درآمد کنندگان دلچسپی رکھتے ہیں۔

اس موقع پر ای سی سی نے وزارت خوراک کوگندم کی درآمد کے سلسلے میں درآمد کنندگان کو ٹیکسوں اور ڈیوٹی میں چھوٹ دینے کی ہدایت بھی کی تاکہ گندم کی جلد از جلد درآمد کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیے:

ای سی سی کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کی تجویز مسترد کرنے پر پٹرول کا بحران پیدا ہوا: ذرائع

قلت سے بچنے کے لیے حکومت کا 14 لاکھ ٹن مہنگی گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

مزید برآں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے پاکستانی روپے سے منسلک آف شور بانڈز جاری کرنے کی اجازت بھی دے دی۔

اسٹیٹ بنک کی سفارشات کے مطابق اس پروگرام کا زیادہ سے زیادہ حجم بیس کروڑ ڈالر ہوگا اور ان سے حاصل ہونے والی رقم انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں پر خرچ کی جاسکے گی۔

اسکے علاوہ کمیٹی نے فنانس ڈویژن کو سوئی سدررن گیس کمپنی کو ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی جس کا مقصد سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں گیس فیلڈز کے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں آنے والی آبادیوں اور دیہات کو گیس کی فراہمی ہے۔

مزید برآں ای آفس پروگرام کے نفاذ کے لیے ای سی سی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کو ایل ایم کے آر کے خلاف شکایات واپس لینے کی ہدایت کردی۔

اس کے علاوہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کوشمال مغربی اور جنوب مغربی انڈسٹریل زون کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here