‘ ٹرمپ نیویارک میں واقع پی آئی اے کا روز ویلیٹ ہوٹل خریدنا چاہتے ہیں ‘

امریکی صدر مختلف شہروں میں کئی لگژری ہوٹلوں اور ریزورٹس کے مالک ہیں، پی آئی اے اہلکار کے مطابق ٹرمپ قومی ائیر لائن کا روز ویلیٹ ہوٹل بھی خریدنا چاہتے ہیں، خواجہ آصف کی کورونا کے باعث پراپرٹی کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ہوٹل کی فروخت کی مخالفت

648

اسلام آباد : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پی آئی اے کا نیویارک میں واقع روز ویلیٹ ہوٹل خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ایسا قومی ائیر لائن کے ایک سینئیر اہلکار کی جانب سے  قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے نجکاری کو مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے استفسار پر بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ امریکا کے مختلف شہروں میں سات لگژری ہوٹلوں اور متعدد ریزورٹس کے مالک ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

ستمبر میں پنجاب میں کورونا کے باعث بند شادی ہال، ریستوران کھلنے کا امکان

پی آئی اے پر پابندی، پاکستانی پھل اور سبزیاں اب ترکش ائیر لائن کے ذریعے برآمد کی جائیں گی

کمیٹی کو بریفنگ میں پی آئی اے اہلکار کا بتانا تھا کہ روزویلیٹ ہوٹل ایک تین ستارہ ہوٹل ہے جو کہ 99 سال تک منافع بخش رہا مگر گزشتہ برس اسے پندرہ لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور اب پی آئی اے کے لیے اس ہوٹل کو تن تنہا چلانا ممکن نہیں کیوں کہ اس سے منافع حاصل نہیں ہورہا لہذا اسے دفاتر اور ہوٹلوں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انکا کمیٹی کو مزید بتانا تھا کہ اس ہوٹل کو طویل عرصے کے لیے لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

کئی ممالک کی جانب سے پابندیوں کے بعد پی آئی اے کا مقامی پروازیں بڑھانے کا فیصلہ

اس موقع پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انکی جماعت اس ہوٹل  کی نجکاری کے خلاف نہیں مگر یہ وقت اس کام کے لیے مناسب نہیں ہے کیونکہ کورونا وبا کے باعث مارکیٹ میں پراپرٹی کی قیمتیں بہت زیادہ گر گئیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری کی صورت میں اس ہوٹل کے ملازمین کے حقوق کا خیال رکھا جائے اور انہیں اتنے پیسے ضرور دیے جائیں کہ وہ اپنا کوئی دوسرا کاروبار کرسکیں۔

انکا مزہد کہنا تھا کہ وہ لوگ جنکا بیرون ملک پراپرٹی کا کاروبارہے انہیں ہوٹل کی قسمت کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی کا حصہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ کرپشن کی راہ ہموار کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری نہ کرپانا خود انکی جماعت کی حکومت کی ناکامی تھی مگر یہ وقت اس کام کے لیے بھی نامناسب ہے۔

وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کا اس موقع پر کمیٹی کو بتانا تھا کہ روز ویلیٹ ہوٹل کے حوالے سے کئی آپشنز پر غور کیا جارہا ہے مگر اسے لیز پر دینے کا فیصلہ اس حوالے سے تعینات ہونے والے مالیاتی مشیر کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 1 ہزار 25 کمروں اور انیس منزلوں پر مشتمل روز ویلیٹ ہوٹل کی پاکستان کے لیے تاریخی اور ثقافتی اہمیت ہے مگر پچھلے کچھ عرصے سے نجکاری سمیت اس کے مستقبل بارے کئی طرح  کی خبروں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here