وزیراعظم نے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کےخلاف ڈنڈا اُٹھالیا ، زبردست ہدایات جاری

چاروں صوبائی چیف سیکرٹریوں کو گندم کی فراہمی یقینی بنانے، ذخیرہ اندوزوں، ملاوٹ مافیا اور سمگلروں کے خلاف زبردست کاروائی کا حکم، صوبے گندم کی دستیابی اور قیمت کے حوالے سے تعاون کریں : وزیراعظم

690

اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف  کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

اس بات کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں ملک میں گندم کی سپلائی اور قیمت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ملاوٹ کے خلاف کاروائی جاری رکھنے اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہ برتنے کہ ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیے :

ہٹ دھرمی کی انتہا :حکومت نے نرخ کم کیے، فلور ملوں نے مارکیٹ میں سپلائی کم کردی

قلت سے بچنے کے لیے حکومت کا 14 لاکھ ٹن مہنگی گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

اس موقع پر وزیراعظم نے صوبوں کے درمیان گندم کی سپلائی اور قیمتوں کے حوالے سے تعاون کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے چیف سیکرٹری صاحبان کو گندم کی سمگلنگ مکمل طور پر روکنے کے لیے اقدامات اُٹھانے کا حکم بھی دیا۔

انہوں نے سندھ کے چیف سیکرٹری کو صوبے میں گندم جاری کرنے کی پالیسی تیار کرنے کا حکم بھی دیا تاکہ گزشتہ برس والی صورتحال جنم نہ لے سکے۔

اس موقع پر پنجاب کے چیف سیکرٹری نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ صوبے بھر میں آٹے کا بیس کلو والا تھیلا 860 روپے میں دستیاب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت روزانہ 18 ہزار ٹن گندم جاری کررہی ہے تاکہ مارکیٹ میں آٹے کی قلت نہ ہو۔

اجلاس میں شریک خیبر پختون خوا کے چیف سیکرٹری نے بھی صوبے میں گندم کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here