قیمتیں بڑھانے کی مانگ پر نرخوں میں کمی، اوگرا کا گیس کمپنیوں اور صارفین کو سرپرائز

سوئی سدرن اور سوئی ناردرن نے گیس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے کی مانگ کی تھی مگر اوگرا نے تیل کی عالمی منڈی کی صورتحال کے تحت نرخوں میں کمی کرکے صارفین کو خوشگوار سرپرائز دے دیا

636

اسلام آباد : آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے صارفین کے لیے گیس کے نرخوں میں چھ فیصد تک کمی کردی۔

ادارے کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے صارفین کے لیے نرخ دو فیصد جبکہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ کے صارفین کے لیے قدرتی گیس کے نرخوں میں چھ فیصد کمی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان میں دریافت ہونے والے گیس کے دو نئے کنوؤں سے کمرشل پیداوار شروع ہوگئی

سوئی سدرن، ناردرن مالی سال 2021 میں 5 لاکھ 49 ہزار 821 کنکشنز جاری کریں گی

واضح رہے کہ سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت 664.25 روپے سے بڑھا کر 1 ہزار 287.19 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم اوگرا نے گیس کی قیمت میں چھ فیصد کمی کردی جس کے نتیجے میں فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت 623.31 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح سوئی سدرن نے بھی گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 796.18 روپے سے بڑھا کر 881.53 کرنے کی مانگ کی تھی تاہم اوگر نے گیس کی قیمت میں دو فیصد کمی کردی جس کے بعد گیس کی قیمت 750.90 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے ۔

گیس کے نرخوں میں اس کمی کی وجہ تیل کی عالمی منڈی میں قیمتوں کی کمی کے ساتھ ساتھ اوگرا کی طرف سے محصولات اور سرمائے کے اخراجات کے سلسلے میں کی جانے والی دیگر رعایتیں بھی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here