بنگلور: ایلفابیٹ اور گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندر پچائی نے بھارت میں ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کے لیے 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
اس بڑی سرمایہ کاری کا اعلان گوگل کے سی ای او نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کیا۔
گوگل دنیا کی اہم ترین مارکیٹس میں اپنی موجودگی بہتر بنانے اور ٹیکنالوجی کی عالمی منڈی میں اپنا حصہ بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
گوگل میڈیا گروپس کو مواد استعمال کرنے کے بدلے ادائیگی کرے گا
زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں سندر پچائی نے کہا کہ “آج میں گوگل انڈیا کے لیے ڈیجیٹلائزیشن فنڈ کا اعلان کرنے پر بہت خوش ہوں، اس کے ذریعے ہم بھارت میں آئندہ 5 سے 7 سال کے دوران 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، یہ سرمایہ کاری ایکویٹی انویسٹمنٹ، پارٹنرشپس، انفراسٹرکچر اور ایکوسسٹم کے مختلف منصوبوں کے ذریعے کی جائے گی جو بھارت کے مستقبل اور اس کی ڈیجیٹل معیشت پر ہمارے اعتماد کی عکاسی ہے۔‘‘
گوگل کے سی ای او نے کہا کہ ” وزیراعظم نریندرا مودی کا ڈیجیٹل انڈیا کے وژن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بھارتی حکومت نے کروڑوں شہریوں کو انٹرنیٹ کی سہولت دینے کے لیے کافی ترقی کی ہے، سستے سمارٹ فونز، کم قیمت موبائل ڈیٹا اور دنیا کے بہترین ٹیلی کام انفراسٹرکچر نے بھارتی شہریوں کیلئے ٹیکنالوجی کی دنیا میں مواقع کی کئی راہیں کھول دی ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ بھارت اپنی معیشت کو ڈیجیٹلائزکرنے کیلئے چار شعبوں میں سرمایہ کاری پر توجہ دے رہا ہے، پہلا، بھارت کے ہر شہری کو اس کی اپنی مقامی زبان میں معلومات تک رسائی مل سکے، دوسرا، نئی پروڈکٹس اور سروسز ہر بھارتی شہری کی رسائی میں ہوں۔
تیسرا، کاروباروں کو ان کے پاؤں پر کھڑا کرنا تاکہ وہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو جاری یا ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی راہوں پر عمل پیرا رہیں۔ چوتھا، ٹیکنالوجی کے ذریعے سماجی ترقی میں مصنوعی ذہانت کو فروغ دینا۔