اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یائو جِنگ نے کہا ہے کہ چین رواں ماہ کے دوران پاکستان کو کوویڈ 19 سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے مزید ایک ہزار وینٹی لیٹرز فراہم کرے گا۔
ایمرجنگ پالیسی میکر انسٹی ٹیوٹ (ای پی آئی) کے زیر اہتمام آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین نے پاکستان کو اب تک 70 لاکھ پرسنل حفاظتی آلات (پی پی ای) اور 600 وینٹی لیٹرز کے ساتھ ساتھ دیگر سامان فراہم کیا ہے، اس سے پاکستان کو کوویڈ 19 کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت وبائی امراض کے تناظر میں پاکستان کے طبی اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی کام کر رہی ہے۔
چینی سفیر نے پاکستانی حکومت کی سمارٹ لاک ڈائون حکمت عملی اپنانے کی بھی تعریف کی جس سے کوویڈ 19 کے کیسوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
قومی ترقی میں صوبہ بلوچستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے یائو جنگ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے کیونکہ یہ صوبہ وسائل سے مالا مال ہے۔ چین کی حکومت ہسپتالوں کو بہتر سہولتوں سے آراستہ کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے اور کہا کہ بیشتر سازو سامان صوبہ بلوچستان روانہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہنرمند ترقیاتی مراکز کے قیام کے لئے بھی ایک معاہدہ طے پا چکا ہے۔
سفیر نے کہا کہ کوویڈ 19 صورت حال کے باوجود پاکستان میں تمام چینی کمپنیاں معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں اور کسی بھی ملازم کو ملازمت سے فارغ نہیں کیا، یہاں تک کہ چینی فرموں کے ساتھ کام کرنے والا ایک بھی ملازم وائرس سے متاثر نہیں ہوا۔
یائو جنگ نے کہا کہ چینی کمپنیاں گزشتہ چھ ماہ سے اپنی پوری کوشش کر کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہیں۔