نئی دہلی: بھارت کی پولیس نے جنوبی کوریا کی ملکیتی ایل جی پولی مر پلانٹ سے گیس لیکج کے معاملے میں کمپنی کے جنوبی کورین چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سن کی جیانگ سمیت 11 ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بھارتی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سات مئی کو جنوبی کوریا کی ملکیتی کمپنی کے ایل جی پولی مر کے ساحلی شہر وساکھا پٹنم میں پلانٹ سے گیس کے اخراج کے بعد 15 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے جس کی سرکاری سطح پر تحقیقات کی گئیں۔
بھارتی پولیس کے مطابق تحقیقات میں غفلت اور ناقص حفاظتی معیار کے ثبوت ملنے پر سی ای او سمیت 11 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں دو جنوبی کوریائی شہریوں سی ای او سنکی جیانگ اور تکنیکی ڈائریکٹر ڈی ایس کم سمیت آپریشنز کے اضافی ڈائریکٹر، تین انجینئر اور حفاظتی افسران شامل ہیں۔
واضع رہے کہ بھارت میں گیس کے اخراج کی المناک تاریخ ہے، 1984ء میں بھارتی شہر بھوپال میں بھی کیڑے مار ادویات کے ایک پلانٹ سے زہریلا کیمیکل لیک ہونے سے سینکڑوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
متاثرہ افراد کے مطابق 35 سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی میتھیل آئیس سوانائٹ گیس پھیلنے کے اثرات کی وجہ بچے اب بھی معذور پیدا ہورہے ہیں۔