اسلام آباد: گزشتہ مالی سال کے دوران سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں 37.14 فیصد اضافہ جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں 126 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک کی طرف سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ (جولائی تا مئی) میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کا حجم 418.29 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جومالی سال 2018-19ء کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 37.14 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2018-19ء کے اسی عرصہ میں سعودی عرب کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 305 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔
مئی 2020ء میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کا حجم 30.17 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال مئی میں سعودی عرب کو 29 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سعودی عرب سے درآمدات میں 126.22 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس عرصہ میں سعودی عرب سے درآمدات پر پاکستان نے 1.218 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا۔
مالی سال 2018-19ء کے اسی عرصہ میں سعودی عرب سے درآمدات کا حجم 2.744 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مئی 2020ء میں سعودی عرب سے درآمدات پر 62.96 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا، گزشتہ سال مئی میں سعودی عرب سے درآمدات پر پاکستان نے 340.97 ملین ڈالر کا زر مبادلہ صرف کیا تھا۔