سادگی ہوا میں تحلیل، وزیرا علی پنجاب عثمان بزدار کے ہیلی کاپٹر کی پرواز کا خرچہ سامنے آگیا

پنجاب کے سادہ وزیر اعلی نے سادگی ہوا میں اڑادی ، بین الاضلاعی دوروں کے علاوہ لاہور میں آمد و رفت کے لیے بھی ہیلی کاپٹر کا استعمال، پروازوں کے لیے قومی خزانے سے خطیر رقم خرچ کی گئی۔

924

لاہور : اگست 2018 سے نومبر 2019 تک وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہیلی کاپٹر کی پرواز پر پنجاب کے خزانے سے 86 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

ان پروازوں میں سے چودہ وزیراعلی کے آبائی علاقے اور حلقے کے لیے تھیں۔

پنجاب انفارمیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے دفتر سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ  28 اگست 2018 کو میاں چنوں اور پاکپتن کا کیا جس کے لیے انہوں نے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا۔

ستمبر 2018 میں لاہور میں ہی سفر کے لیے وزیر اعلی نے ہیلی کاپٹر کا استعمال تین مرتبہ کیا جبکہ اکتوبر میں صوبائی دارالحکومت میں سفر کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال پانچ مرتبہ کیا گیا جس میں سے تین مرتبہ اس ہیلی کاپٹر کا استعمال وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس جانے کے لیے کیا۔

نومبر 2018 میں اس ہیلی کاپٹر کا استعمال چودہ دفعہ کیا گیا جن میں سے تین پروازیں ڈی جی خان کے لیے تھیں جو کہ وزیراعلی کا حلقہ ہے۔ اسی ماہ اس ہیلی کاپٹر کا استعمال تونسہ شریف جانے کے لیے ہوا جو کہ سردار عثمان بزدار کا آبائی علاقہ ہے۔

فروری 2019 میں وزیراعلی عثمان بزدار بذریعہ ہیلی کاپٹر ملتان، راجن پور، ڈی جی خان اور تونسہ شریف گئے۔

اپریل 2019 میں وزیراعلی پنجاب نے 28 مرتبہ سفر کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جس میں سے پانچ مرتبہ وہ تونسہ گئے۔

اسی طرح مئی 2019 میں انہوں نے 27 مرتبہ،  جولائی میں آٹھ مرتبہ، اگست میں تیرہ مرتبہ، ستمبر میں دس مرتبہ، اکتوبر میں چودہ مرتبہ اور نومبر میں 11 مرتبہ ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیراعلی ہاؤس سے گورنر ہاؤس جانے کے لیے جو کہ محض ایک کلومیٹر کا فاصلہ ہے کئی مرتبہ ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا گیا۔

مجموعی طور پر اگست 2018 سے نومبر 2019 تک پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر نے 164 پروازیں کیں اور اس دوران یہ 119 سے زائد گھنٹوں تک ہوا میں رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here