کراچی : کورونا وبا کے پیش نظر حبیب بنک لمیٹڈ اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے کوویڈ-19 سے متعلق علاج معالجے کے اخراجات خود برداشت کرے گا۔
بنک کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بنک اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے کورونا کے علاج معالجے سے متعلق تمام اخراجات بغیر کسی حد کے خود برداشت کرے گا۔
اس سہولت کے تحت پیتھولوجیکل ٹیسٹ، ادویات، ہسپتال میں داخلہ، پی سی آر اور اینٹی باڈیز ٹیسٹ کے اخراجات بنک اُٹھائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا کا قہر، رواں دہائی دنیا پچھلے عشرے سے کم رفتار سے ترقی کرے گی
نومبر 2019ء کے بعد پہلی مرتبہ سٹیٹ بنک کے زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر سے نیچے آ گئے
ایشیائی ترقیاتی بینک کراچی ریڈ لائن پروجیکٹ کیلئے 235 ملین ڈالر قرضہ دیگا
اس کے علاوہ قریبی رشتے داروں کے کورونا سے متعلق علاج معالجے کے لیے قرض سکیم کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت بینک ملازم کے والدین، ساس، سسر ، بہنوں، بھائیوں اور خودمختار بچوں کے علاج کیلئے قرض حاصل کیا جا سکے گا ۔
یہ قرضہ ہسپتال کے اخراجات یا پانچ لاکھ روپے میں سے جو بھی کم ہوگا کے برابر ہوگا اور بلا سود دیا جائے گا۔
مزید برآں اس قرضے کی واپسی 24 آسان اقساط میں کی جا سکتی ہے اور یہ سکیم جون 2021ء تک دستیاب رہے گی۔