اسلام آباد: بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) نے سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے تمام ترخدمات کو ڈیجٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور الیکٹرانک جوائنٹ وینچر (ای جے وی)، برانچ لائژن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (بی ایل ایم آئی ایس) اور سپیشل اکنامک زونز (ایس ای زیڈ) انفارمیشن کے حوالےسے تین آن لائن پورٹل کا آغاز کر دیا ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چئیرمین بی او آئی عاطف ریاض بخاری کی جانب سے ایک آن لائن ایونٹ کے دوران مذکورہ تین آن لائن پورٹلز کا افتتاح کیا گیا جس میں بی او آئی کے سیکریٹری عمر رسول، سینئیر افسران اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے علاوہ عالمی بینک، ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی)، پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی)، وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر)، نیشنل ٹیکنالوجی کونسل (این ٹی سی) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ بی او آئی وفاقی حکومت میں واحد ادارہ ہے جو سروس ڈلیوری کے میدان میں مؤثر انداز میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا رہا ہے، پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) اور کاروبار میں آسانیاں لانے کیلئے شفافیت اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
بورڈ آف انویسٹمنٹ کی خصوصی اقتصادی زونز کے لیے اضافی مراعات کی سفارش
کاروباری برادری کا ایف بی آر سے اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم میں 31 اگست تک توسیع کرنے کا مطالبہ
چئیرمین بی او آئی نے آن لائن پورٹلز کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کی معاونت کو بھی سراہا۔
اس موقع پر بی او آئی کے سیکریٹری عمررسول نے کہا کہ نئے پورٹلز کے اجراء کا مقصد باہمی رابطہ کاری کو فروغ دینا اور سرمایہ کاروں کو بی او آئی کی خدمات تک آسان رسائی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسی کو دیکھتے ہوئے بی او آئی کا مقصد نہ صرف سرمایہ کاروں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ ضروری منظوری کی ٹائم لائنز کو بھی کم کرنا ہے۔
ای جے وی پورٹل پاکستان کا پہلا پبلک سیکٹر آن لائن فری بزنس میچ میکنگ ہے جو کاروباروں کو دنیا بھر میں جوائنٹ وینچر کے حوالے سے مدد فراہم کرتا ہے۔
یہ پورٹل انٹرپرائزز کو ویب سائٹ پر ان کے پروفائل رجسٹرڈ کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقع سے متعلق کارآمد معلومات فراہم کرتا ہے۔
اسی طرح بی ایل ایم آئی ایس پاکستان میں برانچ آفیسز اور رابطہ دفاتر کھولنے کے لیے ایک آن لائن درخواست کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یہ درخواست بی او آئی کے آن لائن ورک ویزا موڈیول کا تسلسل ہے جو کمپنیوں کو بشمول فیس ادائیگی کے آن لائن ورک ویزاء اور حتمی ویزے کے کاغذات فراہم کرتی ہے۔
مزید برآں، خصوصی اکنامک زونز انفارمیشن پورٹل بی او آئی کو انٹرپرائزز سے معلومات اکٹھی کرنے میں مدد کرے گی۔