پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2021 کے لیے 19 محکموں پر 49.2 ارب روپے تخمینے کے ریونیو اکٹھے کرنے کی ذمہ داری عائد کی ہے۔
صوبائی حکومت نے چھ محکموں پر 28.73 ارب روپے کے ٹیکس جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ مالی سال 2021 میں 13 محکمے 21.2 ارب روپے کے آزاد ذرائع سے ٹیکس جمع کریں گے۔
صوبائی حکومت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ذریعے شہریوں سے پراپرٹی، موٹر وہیکلز، انفراسٹرکچر ڈویلمپمنٹ سیس، تمباکو ڈویلپمنٹ سیس اور خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی سیلز ٹیکس پر ٹیکس جمع کرے گی۔
محکمہ ریونیو اینڈ سٹیٹ کو ایگریکلچر انکم ٹیکس، سٹیمپ ڈیوٹی، رجسٹریشن فیس، لینڈ ریونیو اور اربن کیپیٹل ویلیو ٹیکس جبکہ محکمہ انرجی اینڈ پاور کو ہائیڈل پاور اور بجلی پر ڈیوٹی اکٹھا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اسی طرح ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کو ٹرانسپورٹ کے لیے کرایوں، فریٹ فاروڈنگ ایجنسیوں اور روٹ پرمٹ فیس کے لیے لائسنس فیس جمع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ اطلاعات اور تعلقاتِ عامہ کو پرنٹنگ پریس، خیبرپختونخوا ریڈیو پر اشتہارات، اخبارات اور تعلقاتِ عامہ کی ایجنسیوں سے ٹیکس جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح سروس ٹربیونل، پبلک سروس کمیشن، اینٹی کرپشن، ٹرانسپورٹ آکشن اینڈ سٹیٹ آفس اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سمیت 16 دیگر ادارے ٹیکس فری ریونیو جمع کریں گے۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ خزانہ لوکل فنڈ آڈٹ، صنعت اور تکنیکی تعلیم، مواصلات اور ورکس بلدیات، جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات، معدنیات، کھیلوں، سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ، نوجوانوں کے امور، ابتدائی ثانوی اور اعلیٰ تعلیم سے متعلق محصولات وصول کرے گا۔