لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) نے وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) سے اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم میں 31 اگست تک توسیع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سے قبل ایف بی آر نے واضح کیا تھا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی 2019 کی سکیم کے تحت بقایا ٹیکسوں کی ادائیگی میں 30 جون 2020ء تک کا وقت ہے جس کے بعد اضافی وقت نہٰیں دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
مالی سال 2020ء میں 1150 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دی جائے گی : ایف بی آر
پوائنٹ آف سیل کے تحت 15 ہزار کاروباروں کو سسٹم میں لانے کا ہدف ہے: ایف بی آر
ایل سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے ایف بی آر کو ایک خط میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں تمام کاروباری حلقوں کو مالی اور کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ایف بی آر سے کاروباری برادری کو موجودہ لیکویڈیٹی بحران کو مدِنظررکھتے ہوئے ٹیکسوں کی ادائیگی میں 31 اگست تک توسیع کرنے کی درخواست کی۔
صدر ایل سی سی آئی نے کہا کہ یہ سکیم حکومت کے اضافی ریونیو پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ “2019 کی اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کے آغاز سے بہت سے کاروباری افراد کو فائدہ ہو سکتا ہے، اس سکیم سے حکومت اور کاروباری برادری دونوں کو فائدہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے معیشت کو رجسٹرڈ کرنے کی ترویج میں مدد ملے گی”۔
انہوں نے کہا کہ “ہم نے ہمیشہ ٹیکس نیٹ وسیع اور ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ہمیں امید ہے کہ مذکورہ سکیم سے دیر پا مطلوبہ بتائج حاصل ہوں گے”۔