واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے باعث مالی مشکلات سے دوچار امریکی شہریوں کی ملازمتوں کے تحفظ کے لیے گرین کارڈز اور غیرملکی ملازمین کے لیے ویزوں کا اجراء رواں سال کے اختتام تک روک دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاﺅس نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گرین کارڈز اور غیر ملکی ملازمین کے لیے ویزوں کا اجراء روکنے کے اقدام سے امریکی شہریوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وائٹ ہائوس انتظامیہ نے گزشتہ روز صحافیوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس اقدام سے گرین کارڈز یعنی امریکہ میں مستقل رہائش کے خواہش مند افراد اور امریکہ میں ملازمت کرنے والے تقریباً 5 لاکھ 25 ہزار افراد متاثر ہوں گے۔
نئی پابندیوں کے مطابق اس اقدام سے ایچ۔ ون بی یعنی ٹیکنالوجی میں کام کرنے والے بھارتی ملازمین اور ایچ۔ ٹو بی ویزا کے حامل افراد یعنی ایک معینہ مدت تک کام کرنے والے غیرملکی ملازمین متاثر ہوں گے۔
تاہم اس سے زراعت، خوارک اور صحت کے پیشہ وارانہ ماہرین متاثر نہیں ہوں گے جبکہ اس حکم نامے میں قلیل مدتی ویزا کے حامل افراد یعنی یونیورسٹی طلباء سمیت بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے غیرملکی جوڑوں پر پابندی ہو گی لیکن پروفیسرز اور سکالرز کو استثنیٰ دیا گیا ہے اور چھوٹ کی درخواست کرنے کا انتظام ہو گا۔
اس قدام میں منیجرز اور دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں میں کام کرنے والے اہم ملازمین کے لیے ایل ویزوں کا اجراءبھی روکا جائے گا۔ امریکی صدر کی تارکین وطن سے متعلق نئی پالیسی کو غیر ملکی ملازمین پر انحصار کرنے والے کاروباری اداروں نے مخالفت اور تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔