کسانوں کے لیے بُری خبر، یوریا کھاد کی قیمت میں دو سو روپے اضافے کا امکان

اضافہ گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر کھاد بنانے والے کارخانوں نے یوریا کی فی بوری قیمت میں ہوشربا اضافے کا عندیہ دے دیا ، ٹڈی دل اور کورونا کے ستائے کسانوں کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔

1244

 اسلام آباد: چونکہ گیس کمپنیاں اپنے نرخوں میں 100 فیصد اضافے کی کوشش کررہی ہیں لہذا کھاد کی صنعت اگلےماہ سے یوریا کی قیمت میں بھی 200 روپے فی بیگ اضافہ کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

عوام پر یکم مئی سے گیس بم گرانے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

کمپنیاں کھاد سستی نہ کریں تو گیس بند کردی جائے، وزیر اعظم عمران خان سخت ناراض

کھاد کی صنعت کے ذرائع کے مطابق ، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے حال ہی میں سال 2020-21 کے لئے گیس کی قیمتوں کے تعین کے لئے اوگرا کو درخواستیں جمع کروائیں ہیں۔

ایس این جی پی ایل نے گیس کی قیمتوں میں لگ بھگ 100 فیصد یعنی  622 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ ایس ایس جی سی نے آئندہ مالی سال کے لئے اپنی محصول کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 20 فیصد یعنی 85 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ طلب کیا ہے۔

 دسمبر 2019 میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی (اوگرا) نے کھاد کے کارخانوں کو فراہم کی جانے والی فیڈ گیس کی قیمت میں 135 فیصد کیساتھ فیول گیس کی قیمت میں 32 فیصد اضافے کی سفارش کی تھی جس میں وزارت پیٹرولیم نے مزید ترمیم کرکے فیڈ گیس کی قیمت 5 فیصد اور فیول گیس کی قیمت 64 فیصد بڑھانے کی تجویز دی تھی تاہم حکومت نے اس وقت اس پر عمل درآمد نہیں کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یوریا کی قیمت میں ممکنہ اضافے سے کاشتکاروں  پر بوجھ بڑھ جائے گا جو کہ کوویڈ 19 کی وباء اور ٹڈیوں کے شدید حملوں کی وجہ سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ زراعت کی خراب اقتصادیات اور حکومتی سبسڈی کے اعلان کی وجہ سے اس سال یوریا کی خریداری میں ڈرامائی کمی واقع ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here