
ٹوکیو: جاپان کے ٹیکنالوجی کے حوالے سے گروپ ”سافٹ بینک گروپ“ نے اپنے مالیاتی اثاثوں میں اضافے کے لیے 21 ارب ڈالر کے ٹی موبائل شیئرز کی فروخت کا اعلان کیا ہے۔
ایک ماہ قبل گروپ نے سالانہ 8.9 ارب ڈالر خسارے کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ اس کی ریئل سٹیٹ کمپنی وی ورک سمیت دیگر کاروباری سرگرمیوں کو کورونا وائرس لاک ڈاﺅن کے باعث درپیش مشکلات ہیں۔
سافٹ بینک گروپ، جو کہ امریکی ٹیلی کام کمپنی ٹی موبائلز کے 300 ملین سے زیادہ (24 فیصد کے قریب) شیئرز رکھتا ہے، کا کہنا ہے کہ وہ ان میں سے 198.3 ملین شیئرز فروخت کردے گا تاہم اس کی حقیقی قیمت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
ٹی موبائلز کے شیئرز کے نرخ گزشتہ روز 106.60 ڈالر فی شیئر پر بند ہوئے جس کے حساب سے 198.3 ملین شیئرز کی مالیت 21 ارب ڈالرز ہونے کا اندازہ ہے۔
گروپ نے بتایا کہ ڈچ ٹیلی کام کمپنی اے جی، جو ٹی موبائلز میں پہلے ہی 43 فیصد حصص کی مالک ہے، وہ اس سے مزید 101.5 ملین شیئرز خرید سکے گی، ان سودوں کے بعد سافٹ گروپ کے پاس ٹی موبائلز کے حصص کی ملکیت ایک فیصد سے بھی کم رہ جائے گی۔
گروپ کا کہنا ہے کہ اس کی یہ کوشش مارچ سے شروع ہونے والے کاروباری سال کے دوران 4.5 کھرب ین (41 ارب ڈالر) کے اثاثے فروخت کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد قرضوں کا بوجھ کم کرنا ہے تاکہ عالمی اقتصادی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا جاسکے۔
یاد رہے کہ ساف بینک گروپ دنیا کا بڑا ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی گروپ ہے جس کے اثاثوں کی مالیت 100 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔