ایس ای سی پی عالمی تنظیم آئیسکو کے بورڈ کا پانچویں بار رکن منتخب

643

اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ایک بار پھر سکیورٹیز کمیشنز کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سکیورٹیز کمیشنز (آئیسکو) کے بورڈ کا رکن منتخب ہو گیا ہے، یہ انتخاب آئیسکو کے بورڈ کی 2 سالہ مدت کیلئے ہے جو 2022ء تک ہو گی۔

آئیسکو بورڈ کے الیکشن میں ایس ای سی پی کی یہ پانچویں مسلسل کامیابی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئیسکو دنیا بھر کی کپیٹل مارکیٹوں میں ریگولیٹری معیارات کو متعین کرنے اور ان کی جانچ پڑتال کرنے والا بین الاقوامی فورم ہے جس کے رکن ممالک کی تعداد 115 ہے اور دنیا کی 95 فیصد کپیٹل مارکیٹ میں آئیسکو کے قوائد و ضوابط کا اطلاق کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان 1998ء سے آئیسکو کا رکن ہے جبکہ پاکستان 2012ء سے آئیسکو کے بورڈ کا رکن ہے، بطور بورڈ ممبر ترقی پزید ممالک کی کپیٹل مارکیٹوں کے مسائل اور ان کے حل کے لئے تجاویز کو آئیسکو کے بورڈ میں پیش کرنا پاکستان کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے۔

الیکشن کے فوری بعد نئے بورڈ کا پہلا اجلاس 9 جون کو منعقد ہوا جس میں رکن ممالک نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین عامر خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں سکیورٹیز مارکیٹ کو بہتر، محفوظ اور جدید بنانے میں آئیسکو کا اہم کردار ہے اور آئیسکو بورڈ پر منتخب ہونے کے بعد ایس ای سی پی اہم پلیٹ فار م پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔

عامر خان نے کہا کہ پاکستان کی کپیٹل مارکیٹ مستحکم ہے اور اس میں وسعت کی بہت گنجائش موجود ہے۔ پاکستان ایشیاء پیسفک ریجن کی اہم ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے اور اپنی اس خصوصی حیثیت کی بنا پر ایس ای سی پی آئیسکو کے بورڈ پر اہم خدمات سر انجام دینے کی پوری اہلیت رکھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here