اسلام آباد: وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال 2020-21ء میں ریاستی اداروں کی نجکاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
نجکاری کمیشن سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر کو ریاستی اداروں کی نجکاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اداروں کی نجکاری کی مد میں آئندہ مالی سال میں نان ٹیکس ریوینو کی مد میں 100 ارب روپے اضاف کا تخمینہ ہے۔
وفاقی وزیر نے ایس ایم ای بینک ، آر ایل این جی پاور پلانٹس، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس اور دیگر اداروں کی نجکاری سے متعلق استفسار کیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ایکٹو لسٹ میں شامل زیادہ تر اداروں کی نجکاری سے متعلق معاملات ایڈوانس سطح پر ہیں۔ مزید برآں نجکاری آرڈیننس اور دیگر قانونی معاملات کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیئے لیگل کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر مارکیٹ کی صورتحال میں بہتری آنے تک کچھ اداروں کے شیئرز کی ڈی انویسٹمنٹ فی الحال روک دی گئی۔
اس موقع پر محمد میاں سومرو نے کہا کہ نجکاری سے متعلق تمام تر فیصلے ملکی مفاد اور معاشی استحکام کو مد نظر رکھ کر کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 28 حکومتی پراپرٹیز کی نیلامی جو پہلے اپریل 2020ء میں متوقع تھی اب مارکیٹ کی صورتحال بہتر ہونے پر مناسب وقت پر کی جائے گی۔