اسلام آباد: مئی 2020ء کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 36.5 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ اپریل 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 64.5 فیصد کم ہو گئی تھیں جو گزشتہ 17 سال میں کسی ایک ماہ میں سب سے کم برآمدات تھیں۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق مئی 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات 751.128 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ مئی 2019ء کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 1.185 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح مئی 2019ء کے مقابلہ میں مئی 2020ء کے دوران برآمدات میں 36.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اپریل 2020ء میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 403.834 ملین ڈالر کی ریکارڈ سطح تک کم ہوئی تھیں۔
اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی عالمی وبا کے بعد لاک ڈاﺅن میں نرمی اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے اپریل کے مقابلہ میں مئی کے دوران برآمدات میں اضافہ خوشگوار ہے اور توقع ہے کہ جون میں برآمدات اور بڑھیں گی۔
پی بی ایس کے مطابق فروری 2020ء کے دوران کپڑے اور ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 17 فیصد نمایاں اضافہ ہوا تھا تاہم مارچ کے دوران کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے برآمد متاثر ہوئیں جو اپریل میں64 فیصد سے زیادہ کم ہو گئیں۔
تاہم مئی 2020ء میں برآمدات میں بحالی سے توقع ہے کہ آنے والے مہینوں کے دوران برآمدات میں بتدریج اضافہ ہوگا اور حکومت ٹیکسٹائلز برآمدات میں اضافہ کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔