اسلام آباد: حکومت پاکستان نے (کل) اتوار سے بین الاقوامی پروازوں کیلئے فضائی حدود جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کردیا ہے تاہم گوادر اور تربت کے ائیرپورٹ عالمی پروازوں کیلئے بند رہیں گے۔
ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ یہ فیصلہ خاص طور پر ان سمندر پار پاکستانیوں کی مدد کیلئے کیا گیا ہے جو کورونا وباء کے دوران بری طرح متاثر ہوئے ہیں لیکن انہوں نے بڑی جرأت کا مظاہرہ کیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے ۔
وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں کو وطن واپسی پرخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت انہیں ہر طرح سے سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ کووڈ19- کے دوران بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی مدد کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کے مخیرانہ کردار کو سراہتے ہیں۔ ایسے بہت سے واقعات ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی نے ضرورت میں کس طرح اپنے ارد گرد موجود لوگوں کی مدد کی اور دوسروں کیلئے ایک مثال قائم کی۔