ایشیائی ترقیاتی بینک کراچی ریڈ لائن پروجیکٹ کیلئے 235 ملین ڈالر قرضہ دیگا

“سندھ سیکنڈری ایجوکیشن پروجیکٹ” کیلئے 75 ملین ڈالر قرضہ کے معاہدے پر بھی دستخط، سندھ میں سکولوں کے بنیادی ڈھانچے، ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے اور ثانوی تعلیم میں اصلاحات کو مستحکم کیا جائے گا

559

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے مابین سندھ میں شعبہ تعلیم اور کراچی میں ٹرانسپورٹ بس کے 359 ملین ڈالر کے دو منصوبوں کے لئے مالی معاونت کے معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔

معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہفتہ کو وزارت اقتصادی امور میں ہوئی، اقتصادی امور کے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مابین منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

پاکستان کی طرف سے اقتصادی امور ڈویژن کے سیکر ٹری نور احمد اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر شیہونگ یانگ نے بینک کی طرف سے کراچی بی آر ٹی پروجیکٹ (ریڈ لائن) کے لئے 284 ملین ڈالر کے فنانسنگ معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت اے ڈی بی نے 235 ملین امریکی ڈالر بطور قرض فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ گرین کلائیمٹ فنڈ (جی سی ایف) منصوبے کے لئے 37.2 ملین ڈالر قرض اور 11.8 ملین ڈالر بطور گرانٹ فراہم کرے گا۔

مالی اعانت کے معاہدے کے تحت حکومت سندھ اپنے شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنا کر جامع اور پائیدار ترقی کو ترجیح دے گی۔ اس منصوبے کے بنیادی مقاصد سڑکوں پر ٹریفک کو کم کرنا ہے جس سے گاڑیوں کے آپریٹنگ اخراجات کی بچت ہوگی۔ کاربن کے کم اخراج کے ذریعے ہوا کے مجموعی معیار اورعوامی صحت کو بہتر بنانے اور شہریوں پر آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے جدید ایندھن سکیم اس منصوبہ میں شامل ہے۔

اقتصادی امور ڈیژن اور اے ڈی بی نے “سندھ سیکنڈری ایجوکیشن پروجیکٹ” کے لئے 75 ملین ڈالر قرضہ کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔ اس مالی اعانت کے معاہدے کے تحت صوبہ سندھ میں سکول کے بنیادی ڈھانچے، ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے اور ثانوی تعلیم میں اصلاحات کو مستحکم کیا جائے گا۔

اس منصوبے پر محکمہ تعلیم و خواندگی عمل درآمد کرے گا، منصوبہ کے تحت جنوبی سندھ کے 10 اضلاع میں نئے سیکنڈری اسکول بلاکس تعمیر کرنے اور پانچ (5) اہم مضامین یعنی انگریزی، ریاضی، فزکس، حیاتیات، کیمسٹری اور اساتذہ کی تدریسی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے گا۔ یہ پروگرام سندھ ایجوکیشن سیکٹر پلان (2019 – 2023) کا تسلسل ہے۔

وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے بینک کی جانب سے پاکستان میں شہری ٹرانسپورٹ، ٹریفک مینجمنٹ اور سیکنڈری تعلیم تک رسائی میں مالی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے انتھک کام کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور ثانوی تعلیم خصوصا لڑکیوں کے لئے فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان معاہدوں سے جامع اور پائیدار ترقی کے حصول کے لئے تمام صوبوں کی حمایت کے ضمن میں وفاقی حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔

بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ اے ڈی بی پاکستان کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری کو باعث فخر سمجھتا ہے۔ اے ڈی بی اہم ترجیحی شعبوں میں پاکستان میں پالیسی اصلاحات اور منصوبے کی مالی اعانت کے لئے اپنی مدد فراہم کررہا ہے۔ اے ڈی بی کی مالی مدد سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here