ایشین انفراسٹرکچرانویسٹمنٹ بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے 500 ملین ڈالر قرضہ کی منظوری 

627

اسلام آباد: ایشین انفراسٹرکچرانویسٹمنٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں پاکستان کیلئے 500 ملین ڈالر قرضہ کی منظوری دیدی ہے۔

یہ ایشئین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کوویڈ 19 ایکٹیو رسپانس اینڈ ایکسپینڈیچر سپورٹ (کئیرز) پروگرام کے تحت پاکستان کو وباء پر قابو پانے اور اس کے معاشی اثرات کو کم کرنے کیلئے 500 ملین ڈالر کا قرضہ دیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وباء نے پاکستان کی جاری اقتصادی بحالی اور جامع بڑھوتری کی کوششوں کو متاثر کیا ہے، وباء کی وجہ سے جاری مالی سال میں پاکستان کے ریونیو میں کمی آئے گی جس کی وجہ سے بنیادی مالیاتی خسارہ میں دو فیصد اضافہ متوقع ہے۔

ان اثرات کی وجہ سے پاکستان میں باضابطہ اور غیر روایتی شعبوں میں بے روزگاری میں پہلے سے اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کو یہ قرضہ بینک کے کرائسس ریکوری فیسلیٹی کے تحت دیا جا رہا ہے جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک معاونت فراہم کرے گا۔ اس قرضہ سے پاکستان کی معیشت میں سماجی تحفظ، اقتصادی استحکام، پیداواری استعداد کو طویل المیاد نقصان سے بچانے اور انسانی سرمایہ کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پالیسی کی بنیاد پر قرضہ پاکستان عمومی بجٹ معاونت جیسے سماجی تحفظ، اقتصادی ریلیف کے اقدامات، صحت، خواتین اور چھوٹے و درمیانہ درجہ کے کاروبار کے تحفظ پر خرچ کر سکے گا۔

ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نائب صدر کونسٹن ٹائین لیموتوو وسکی نے کہا ہے کہ صنعتیں اور معاشرے کے کمزور طبقات کورونا وائرس کی وباء سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، اس قرضہ سے پاکستان کو وباء کے اقتصادی دھچکوں اور سماجی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ پیداواری استعداد کو طویل المعیاد نقصان سے بچانا معیشت کیلئے ضروری ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here