اسلام آباد چیمبر کا صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بجلی سستی کرنے کا مطالبہ

حکومت نے فرنس آئل کی قیمت بھی 40 ہزار روپے میٹرک ٹن سے بڑھا کر 61 ہزار روپے میٹرک ٹن کر دی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بجلی کے نرخوں میں بھی مناسب کمی کی جائے: صدر اسلام آباد چیمبر

727

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد احمد وحید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے بجلی کی قیمت میں فوری کمی کی جائے جس سے کاروبار کی لاگت کم ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، موجودہ صورتحال میں معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے صنعتی ترقی کا فروغ اشد ضروری ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بجلی کے نرخوں میں بھی مناسب کمی کرے۔ حکومت نے 2 ماہ کے اندر فرنس آئل کی قیمت کو بھی 40 ہزار روپے میٹرک ٹن سے بڑھا کر 61 ہزار روپے میٹرک ٹن کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر بجلی فرنس آئل سے پیدا کی جاتی ہے لیکن عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باوجود فرنس آئل کی قیمت کو بڑھانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں واضع کمی کی ہے لیکن اس کے باوجود مٹی کا تیل مارکیٹ میں 140 روپے لیٹر تک فروخت ہو رہا ہے، اس کی فوری تحقیقات کرائی جائیں۔

صدر اسلام آباد چیمبر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں بہتر متاثر ہوئی ہیں جس سے ہماری کمزور معیشت مزید مشکلات کا شکار ہوئی ہے۔ معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کا بہترین حل صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی سستی کرنے سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے جس وجہ سے ہماری مصنوعات کے بڑے امپورٹرز ڈسکائونٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم پیداواری لاگت میں کمی کئے بغیر امپورٹرز کو ڈسکائونٹ دینا ناممکن ہے اور ان حالات میں ہماری برآمدات میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان چیلنجوں سے نمٹنے کا بہتر حل پیداواری لاگت کو کم کرنا اور برآمدات کو بڑھانا ہے۔ بجلی کی قیمت میں کمی کرکے ہی یہ مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔  گرمی کے موسم میں پن بجلی کی پیداوار بڑھ جاتی ہے حکومت کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھا کر بجلی کے نرخوں میں کمی کا فیصلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ سستی بجلی معیشت کیلئے متعدد فوائد کا باعث ہو گی کیونکہ اس سے کاروبار کی لاگت کم ہو گی، ہماری مصنوعات عالمی مارکیٹ میں بہتر مقابلہ کریں گی، برآمدات میں اضافہ ہو گا، مہنگائی کم ہو گی اورمعیشت جلد بحال ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here