اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مزید چار اہلکار فرائض کی ادائیگی کے دوران کورونا وائرس سے جاں بحق ہو گئے جس کے بعد وائرس سے ایف بی آر کے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 13 ہو گئی۔
ایف بی آر کے ترجمان نے منگل کو سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ منگل کو ایف بی آر کے چار اہلکار محمدشفیق آر ٹی او لاہور، محمد اشرف سی آر ٹی او لاہور، سید صفدر حسین گیلانی ڈائریکٹوریٹ آف انویسٹی گیشن اینڈ اینٹیلی جنس فیصل آباد اور ذوالفقار علی ابرو کلیکٹوریٹ آف کسٹمز گوادر کووڈ-19 کے باعث جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر غمزدہ خاندانوں کے غم میں پوری طرح شریک ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں قوم کی مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں ایف بی آر ریوینیو آپریشنز میں کوئی رکاوٹ نہ آنے دینے میں پرعزم ہے۔
گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ پاکستان کسٹمز محمد زاہد کھوکھر کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
اس سے قبل ایف بی آر کے کراچی میں لارج پئیرز ٹیکس یونٹ میں تعینات طارق عتیق اور سمیع الدین شامل کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔