ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ محمد زاہد کھوکھر کورونا کے باعث انتقال کر گئے

717

لاہور: ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ پاکستان کسٹمز محمد زاہد کھوکھر کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زاہد کھوکھر کے اہلخانہ نے بتایا کہ انہیں گزشتہ روز کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور انہیں کوئی اور مرض لاحق نہیں تھا جبکہ گھر کے دیگر افراد بھی کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔

اہلخانہ کے مطابق محمد زاہد کھوکھر نے فیس بک پر آخری پوسٹ میں گریڈ 22 میں ترقی اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی تھی اور دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

زاہد کھوکھرکسٹم گروپ کے سینئر ترین افسر تھے ، ان کی میت آج دوپہر لاہور روانہ کی جائے گی جہاں تدفین ماڈل ٹاؤن میں کی جائے گی۔

ادھر فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے پاکستان کسٹمز کے سینئر افسر محمد زاہد کھوکھر کی کورونا وائرس کے باعث شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

محمد زاہد کھوکھر کو چند روز قبل گریڈ 22 میں ترقی دی گئی تھی جس کے بعد ایف بی آر نے انہیں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی عہدے کی زمہ داری سونپی تھی۔ وہ پاکستان سول سروس کے تیرہویں کامن کے افسر تھے، اس سے پہلے وہ کلکٹر کسٹمز، ممبر کسٹمز اور ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس کے فرائض بھی ادا کر چکے ہیں۔

ترجمان ایف بی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایف بی آر غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے۔ محمد زاہد کھوکھر کی خدمات کو ہمیشہ یا د رکھا جائے گا۔ ایف بی آ ر مشکل حالات میں قوم کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وسائل مہیا کرنے کی خاطر اپنی تمام آپریشنز کو جاری اور ساری رکھے گا۔

اس سے قبل ایف بی آر کے دو ملازمین فرائض کی ادائیگی کے دوران کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں، ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کراچی کے لارج پئیرز ٹیکس یونٹ کے طارق عتیق اور سمیع الدین شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here