‘پاکستان نے کووڈ ۔19 تشخیصی کٹس تیار کر لیں، ڈریپ نے منظوری دیدی’

716

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے کووڈ ۔19 تشخیصی کٹس تیار کر لی ہیں اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے اس کے کمرشل استعمال کی منظوری دے دی ہے جس کی بدولت ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹ کی لاگت میں کمی آئے گی۔

اپنے ایک انٹرویو میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پاکستان زیادہ تر ٹیسٹنگ کٹس چین سے منگواتا تھا مگر اب ہمارے سائنسدانوں نے پی سی آر آلات تیار کر لیے ہیں۔ ٹیسٹنگ کٹس نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے تیار کی ہیں اور اس سے پاکستان کے درآمدی اخراجات میں کمی آئے گی۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئند چند ہفتوں میں ملکی طور پر وینٹی لیٹرز کی تیاری بھی شروع ہو جائے گی جن کے کلینیکل ٹرائلز حتمی مراحل میں ہیں۔ کلینیکل ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد تجارتی اداروں کو وینٹی لیٹرز کی تیاری کی ہدایت جاری کریںگے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ امریکہ سمیت زیادہ تر ممالک میں موٹر کمپنیوں کو وینٹی لیترز کی تیاری میں شامل کیا جاتا ہے اس لئے ہم بھی موٹر کمپنیوں کو اس میں شامل کریں گے اور امید ہے کہ اگلے تین ماہ کے دوران 100 سے زائد وینٹی لیٹرز تیار کر لیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کورونا وائرس جون جولائی کے عرصہ میں اپنے عروج پر ہوگا جس کے بعد تقریباً مزید دو ماہ میں وائرس میں کمی آنا شروع ہوگی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مہلک وائرس پر کنٹرول کے لئے سخت لاک ڈاﺅن موزوں نہیں بلکہ اس حوالہ سے سمارٹ لاک ڈاﺅن زیادہ بہتر ہے۔ پورے ملک کو غیر معینہ مدت کے لئے لاک ڈاﺅن نہیں کیا جاسکتا، پاکسان 22 کروڑ آبادی کا ملک ہے، مکمل لاک ڈاﺅن سے مشکلات پیدا ہوں گی اور خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی قلت پیدا ہو جائے گی۔ وائرس کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے حوالہ سے ہماری سٹریٹجی بہتر ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here