کورونا سے کاروبار متاثر، مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پیمنٹ ٹرانزیکشنز میں زبردست کمی

سٹیٹ بنک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پیمنٹ ٹرانزیکشنز کی تعداد میں 4.2 فیصد جبکہ انکے مالی حجم میں 3 فیصد کمی ہوئی

626

کراچی : سٹیٹ بنک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پیمنٹ ٹرانزیکشنز کی تعداد اور مالی حجم میں بڑی کمی واقع ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق اس عرصے میں ان ٹرانزیکشنز کی تعداد میں 4.2 فیصد اور انکے مالی حجم میں 3 فیصد کمی ہوئی۔

اس حوالے سے مرکزی بنک کے ریویومیں کہا گیا ہے کہ پیمنٹ ٹرانزیکشنز کے متاثر ہونے کی بڑی وجہ کورونا کی وجہ سے کاروباروں کو پہنچنے والا نقصان ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ہے پیمنٹ ٹرانزیکشنز کی تعداد میں کمی سٹیٹ بنک کی جانب سے آن لائن ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینے کے اقدامات اور ترغیبات کے باوجود ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

ٹڈی دل، زرعی معیشت کو 800 ارب روپے نقصان کا خطرہ

کورونا بحران سے عالمی معیشت کو 8.8 کھرب ڈالر نقصان ہو سکتا ہے

کورونا کے مریضوں کیلئے کون سے صوبے میں کتنے وینٹی لیٹرز موجود ہیں؟

پاکستان کی ادائیگیوں کا نظام پرزم کے ذریعے چلتا ہے اور اس کی ملکیت سٹیٹ بنک کے پاس ہے۔ یہ نظام ہائی ویلیو فنڈز کے انٹر بنک ٹرانسفر میں سہولت کاری فراہم کرتا ہے۔

ریٹیل پیمنٹ کے نظام میں یہ کام مختلف ای بنکنگ کے پلیٹ فارمز جیسا کہ ریل ٹائم آن لائن برانچیں، اے ٹی ایم ، انٹرنیٹ بنکنگ اور موبائل فون بنکنگ کے ذریعے ہورہا ہے۔

مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پرزم نے 95.1 کھرب روپے کی 6 لاکھ 62 ہزار 100 ٹرانزیکشنز پراسیس کی جو کہ سہ ماہی بنیاد پر تعداد کے لحاظ سے 2.9 فیصد زائد ہے مگر مالی حجم کے لحاظ سے ان میں دو فیصد کمی آئی ہے۔

اسی طرح ای بنکنگ ٹرانزیکشنزکے حجم میں بھی 1.9 فیصد جبکہ ان کی قدر میں 0.9 فیصد کمی ہوئی۔

اس نظام کے تحت 17.5 کھرب روپے کی 236.1 ملین ٹرانزیکشنز کی گئیں۔

مزید برآں اس ریویو میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پوائنٹ آف سیل مشینز کی تعداد 47 ہزار 567 سے بڑھ کر 48 ہزار 763 ہوگئی جس سے ان مشینز کی دستیابی کے مراکز میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا۔

تاہم پی او ایس ٹرانزیکشنز 20.5 ملین سے کم ہوکر 19.5  ملین ہوگئیں جبکہ انکا مالی حجم 107.5 ارب روپے سے کم ہوکر 102.5 ارب روپے ہوگیا۔

یوں پوائنٹ آف سیل ٹرانزیکشنز کی تعداد میں 4.9 فیصد جبکہ ان کے مالی حجم میں 4.7 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

مرکزی بنک کے ریویو میں مزید کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن اور کاروبار کی بندشوں کے باعث پیمنٹ ٹرانزیکشنز میں مزید کمی ہونے کی اُمید ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here