اسلام آباد : چینی انکوائری کمیشن کے خلاف پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں شوگر مل مالکان نے شوگر کمیشن کے قیام کو ہی چیلنج کر دیا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کے سربراہ واجد ضیا کی سربراہی میں قائم کیے گئے کمیشن نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار شوگر ملز کے غیر قانونی اور ناجائز اقدامات کو قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
چینی سبسڈی، اسد عمر پر کس نے دبائو ڈالا؟
چینی کمیشن کی رپورٹ کسی کو پھنسانے کی کوشش؟ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے تحقیقات مسترد کر دیں
کیا پاکستان چینی قرضوں کے چنگل میں پھنس رہا ہے؟ دفتر خارجہ کا بیان سامنے آ گیا
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اس کمیشن کی تحقیقات کے نتائج کو مسترد کرنے کے بعد اب معروف وکیل سلمان اکرم راجہ کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرکے اس کے قیام کو ہی چیلنج کردیا ہے۔
اس درخواست میں وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر، وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ ، ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء اور ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے 16 مارچ کو شوگر انکوائری کمیشن کی تشکیل کی جو کہ غیر قانونی تھی لہٰذا اس اقدام کو کلعدم قرار دیا جائے۔