اسلام آباد: پاکستان اور جرمنی نے 4 ملین یورو لاگت کے تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔
معاہدے کے تحت جرمنی تکنیکی تعاون کی مد میں پاکستان کو 4 ملین یورو فنڈز فراہم کرے گا۔
معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں ہوئی۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور نور عالم اورجرمنی کی وفاقی حکومت کی طرف سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے معاہدے پردستخط کئے۔
یہ معاہدہ پاک۔جرمنی ڈویلپمینٹ پروگرام کا حصہ ہے، تکنیکی تعاون کا اطلاق قابلِ تجدید توانائی، شہروں اور صنعتوں کے لیے توانائی کے بہتر اور باکفایت استعمال پر ہو گا۔
پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے معاہدے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
سیکرٹری اقتصادی امور نور عالم نے توانائی کے شعبہ میں جرمنی کی حکومت کی طرف سے تکنیکی تعاون پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ جرمنی کی حکومت کی طرف سے تکنیکی معاونت پاکستان کے عوام کے زیادہ سے زیادہ فائدے کیلئے استعمال میں لائے جانے کویقینی بنایا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ گرانٹ کے باکفایت استعمال اور بہتر استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی وسائل کو بھی زیراستعمال لانے کی کوشش کی جائے گی۔
سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان کی حکومت جرمنی کی حکومت کی تکنیکی تعاون کوسراہتی ہیں اورہمیں امید ہیں کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔