برآمدات میں اضافہ، تجارتی خسارہ 33.41 فیصد کم ہو گیا

725

اسلام آباد: ملکی برآمدات میں گزشتہ ماہ کے دوران 433 ملین ڈالر اضافہ ہوا اور خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ میں 33.41 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں خدمات کی برآمدات میں 7.60 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، اس عرصہ کے دوران خدمات کی درآمدات میں کمی کاتناسب 18.89 فیصد ریکارڈکیا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2019ء سے لے کر اپریل 2020ء تک کی مدت میں خدمات کی برآمدات کا حجم 4.668 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خدمات کے شعبہ کا برآمدی حجم 5.062 ارب ڈالر رہا تھا۔

اسی طرح جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں خدمات کے شعبہ کی درآمدات میں 18.89 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے، مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں خدمات کے شعبہ کی درآمدات کاحجم 7.285 ارب ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خدمات کے شعبہ کی درآمدات کا حجم 8.982 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ملکی برآمدات میں 433 ملین ڈالر اضافہ

اداہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق اپریل کے مقابلہ میں مئی 2020ء کے دوران ملکی برآمدات میں 433 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے۔ جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق مئی 2020ء کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 957 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح اپریل کے مقابلہ میں مئی 2020ء کے دوران برآمدات میں 433ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق مئی 2019ء کے مقابلہ میں مئی 2020ء کے دوران برآمدات میں 33.6فیصد کی کمی سے برآدمات کا حجم 2.09ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.39ارب ڈالر تک کم ہوگیا تاہم اپریل کے مقابلہ میں مئی 2020ء کے دوران برآمدات میں اضافہ سے اقتصادی بحالی کی عکاسی ہوئی ہے اور توقع ہے کہ آنے والے مہینوں کے دوران قومی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔

خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 14.6 فیصد کمی

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 14.6 فیصد کمی ہوئی ہے اور اس شعبہ میں برآمدات کا حجم 414.97 ملین ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ اپریل 2019ء میں 486.08 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اسی طرح اپریل 2019ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 14.6فیصد یعنی 61.11ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی بی ایس کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران شعبہ کی مجموعی برآمدات 7.6فیصد کی کمی سے 4.668ارب ڈالر تک کم ہوگئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 5.052ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

آرٹ، سلک اور سینتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 58.94 فیصد کمی

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران آرٹ، سلک اور سینتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 58.94 فیصد کمی ہوئی ہے اور برآمدات کا حجم 11.7ملین ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ اپریل 2019ء کے دوران آرٹ، سلک اور سینتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 28.61ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح اپریل 2019ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران برآمدات میں 16.91ملین ڈالر یعنی 58.94فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تمباکو کی برآمدات میں 53.96 فیصد اضافہ

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران تمباکو کی برآمدات میں 53.96فیصد اضافہ ہوا ہے اور ان کا حجم 29.567ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران تمباکو کی برآمدات سے 19.204ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اسی طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران تمباکو کی قومی برآمدات میں 10.363ملین ڈالر یعنی 53.96فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن تمباکو کی برآمدات 33.05فیصد کے اضافہ سے 8349میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 11ہزار108میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران تمباکو کی برآمدات 36.06فیصد کی کمی سے 0.851ملین ڈالر تک کم ہوگئی ہیں جبکہ اپریل 2019ء کے دوران تمباکو کی برآمدات سے1.331ملین ڈالرزرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اسی طرح مارچ 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران تمباکو کی برآمدات میں 69.50فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ مارچ 2020میں تمباکو کی برآمدات کا حجم 2.790ملین ڈالر رہا تھا۔

بجلی کے پنکھوں کی برآمدات میں 65.41 فیصد کمی

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران بجلی کے پنکھوں کی برآمدات میں 65.41 فیصد کمی ہوئی ہے اور ان کا حجم 1.3ملین ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ اپریل 2019ء کے دوران بجلی کے پنکھوں کی برآمدات سے 3.13ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح اپریل 2019ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران بجلی کے پنکھوں کی ملکی برآمدات میں 2.43ملین ڈالر یعنی 65فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

چمڑے کی مصنوعات کی مجموعی برآمدات میں 3.46فیصد اضافہ

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی مجموعی برآمدات میں 3.46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

چمڑے کی مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 41کروڑ 29لاکھ 8 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات سے 39 کروڑ 90 لاکھ 90 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران برآمدات میں ایک کروڑ 38 لاکھ 18 ہزار ڈالر یعنی 3.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات میں 5.57فیصد کے اضافہ سے برآمدات کی مالیت 21کروڑ 7لاکھ 11ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 22کروڑ 24لاکھ 45ہزارڈالر تک بڑھ گئی جبکہ چمڑے کے دستانوں کی برآمدات بھی 17کروڑ 89لاکھ ایک ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 18کروڑ 15لاکھ 28ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مزید برآں گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے دس مہینوں کے دوران جوتوں کی برآمدات بھی 7.99فیصد تک بڑھ گئیں۔ پی بی ایس کے مطابق جولائی تا اپریل 2018-19ء کے دوران برآمدات کا حجم 10کروڑ 3لاکھ 3ہزار ڈالر کے مقابلہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران 10کروڑ 84لاکھ 30ہزار ڈالر تک بڑھ گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here