ماسکو: روس نے کورونا وائرس کے علاج کے لئے جاپان کی تیار کردہ دوا ایوی فاور کو بہتر بنانے کے بعد 11 جون سے متاثرہ افراد کو استعمال شروع کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دوا کووڈ۔ 19 کے علاج کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے خود مختار مالیاتی فنڈ کے سربراہ کریل دیمتریف نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ایوی فاور کے 330 افراد پر کلینکل ٹیسٹ کامیاب رہے ہیں اور ان میں سے اکثر افراد اس دوا کے استعمال سے صحتیاب ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد اس دوا کے استعمال سے چار دن میں صحتیاب ہو رہے ہیں اور روس میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد میں سے ہسپتالوں میں زیر علاج 60 ہزار افراد کو اس دوا کا استعمال 11 جون سے شروع کروا دیا جائے گا۔
روسی وزارت صحت اس دوا کے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد پر استعمال کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔
کریل دیمتریف کے مطابق یہ دوا کورونا وائرس سے متاثرہ 90 فیصد افراد میں 10 دن کے اندر وائرس کا خاتمہ کردے گی جس کا مطلب یہ ہو گا کہ صرف شدید علامات والے مریضوں کو ہی ہسپتالوں می رکھا جائے گا اور اس طرح ہسپتالون پر بوجھ بے حد کم ہو جائے گا۔
حکام نے مزید کہا کہ اس اقدام کے نتیجہ میں روسی میں معاشی سرگرمیاں بہت جلد شروع ہو جانے کی توقع ہے تاہم لوگوں کو سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ہو گا کیونکہ ابھی تک کورونا وائرس کی ویکیسین کہیں دستیاب نہیں۔
ایوی فاور جس کا جنرک نام فاوی پیراویر ہے 1990 ء کے عشرے کے آخر میں جاپانی کمپنی نے تیار کی تھی تاہم فیوجی فلم نے صحت کے شعبہ میں قدم رکھنے کے بعد اس دوا کو خرید لیا تھا۔ یہ دو انفلوئنزا جیسے کچھ وائرسز کے رائبو نیوکلیک ایسڈ کے ریپروڈکشن مکینزم کو شارڈ سرکٹ کر دیتی ہے۔
کریل دیمتریف کے مطابق یہ دوا گولی کی شکل میں تیار کی گئی ہے اور یہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو نسبتاً کم وقت میں صحت یاب کر سکتی ہے۔ اس کے سائیڈ ایفیکٹ نہ ہونے کے برابرہیں تام یہ حاملہ خواتین کے لئے موزوں نہیں۔
کریل دیمتریف کے مطابق روس میں ایوی فاور دوا تیار کرنے والی کمپنی ”کیم رار“ میں ان کے ادارے آر ڈی آئی ایف کے 50 فیصد شیئر ہیں اور ان کے ادارے نے اس دوا کی تیاری اور اس کے کلینکل تجربات پر 30 کروڑ روبل کی سرمایہ کاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوا کی تیاری پر جاپان میں کئے گئے کام کی وجہ سے روس میں اس کی تیاری پر بہت کم اخراجات ہوں گے۔ دوا کورونا وائرس کی کم اور درمیانے درجہ کی شدت کی علامات رکھنے والے مریضوں کے لئے خاص طور سے بہت زیادہ موثرہے۔
ان کا کہنا تھا روس ایوی فاور کو بہتر بنانے کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات سے دوسروں کو دو ہفتے میں آگاہ کرنے کے لئے تیار ہے جبکہ مقامی ضروریات پوری کرنے کے بعد اس دوا کو برآمد کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے اور اس سلسلہ میں مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکہ کے ممالک نے اس دوا کی خریداری میں دلچسپی کا اظہارکیا ہے۔
واضح رہے کہ اس دوا کو بہتر بنانے پر جاپان میں بھی کام کیا گیا ہے جہاں اس دوا کو بہتر بنا کر اسے ”ایوی گان“ کا نام دیا گیا ہے۔ جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے نے کورونا وائرس کے خلاف اس دوا کی تعریف کی ہے اور حکومت نے اس کی تیاری کے لے 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے فنڈز فراہم کئے ہیں تاہم جاپان میں ابھی تک اس دوا کا استعمال شروع کرنے کی منظوری نہیں دی گئی۔