اسلام آباد: اینگرو کارپوریشن کورونا وائرس کے خلاف صحت کے شعبہ میں خدمت فراہم کرنے والے فرنٹ لائن ہیروز کے تحفظ کے لئے 100 ملین روپے مالیت کے 4 لاکھ 59 ہزار پی پی ایز فراہم کرے گی۔
اینگرو کارپوریشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق طبی عملہ کی ذاتی حفاظت کے آلات (پی پی ایز) کا عطیہ اینگرو فاؤنڈیشن کی جانب سے کووڈ۔19 کے خلاف جاری جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لئے حسین داؤد کی طرف سے ایک ارب روپے کی معاونت فراہم کرنے کے سلسلہ کی کڑی ہے۔
پی پی ایز کی فراہمی کے اقدامات کے تحت پہلے مرحلہ میں اینگرو کارپوریشن قبل ازیں 20 لاکھ روپے مالیت کے ایک لاکھ 4 ہزار پی پی ایز یونٹس ملک کے مختلف شہروں کے طبی مراکز کو فراہم کر چکی ہے جن سے کراچی، تھر، ملتان، لاہور، گجرات، پشاور، رحیم یارخان، مظفر گڑھ، کوئٹہ اور مردان کے مختلف ہسپتال شامل ہیں۔