جنوبی کوریا کی معاشی بحالی کے لیے 29 ارب ڈالر کے پیکج کی تجویز

1030

سیؤل: جنوبی کوریا کی حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ ملکی معیشت کی بحالی کے لیے 35.3  کھرب وان (29 ارب ڈالر) کے پیکج کی تجویز پیش کی ہے جسے ملک میں پیداواری، کاروباری و دیگر روزمرہ سرگرمیوں کی بحالی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کی بحالی کے لیے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ اس وقت معیشت کے استحکام کے لیے 35.3 ٹریلین وان  کے ایک بڑے مالیاتی پیکج پر غور جاری ہے۔

یہ کورونا لاک ڈاؤن کے بعد حکومت کا تیسرا مالیاتی پیکج ہوگا جس کی پارلیمنٹ سے جلد منظوری کا امکان ہے، اس پیکج کا بنیادی مقصد ملک میں بیروزگاری کی بڑھتی شرح پر قابو پانا اور سماجی تحفظ کے نیٹ ورک میں توسیع ہے۔

اس پروگرام کے تحت روزگار کے 5 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے جس کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی مالی معاونت کی جائے گی، اس مد میں 10 ٹریلین وان خرچ کیے جائیں گے۔

پیکج کی دوتہائی رقم ریاستی بانڈز کے اجراء سے جبکہ باقی سرکاری خزانے سے جاری کی جائے گی۔ اس سے قبل مارچ میں 11.7 ٹریلین اور اپریل میں 12.2  ٹریلین وان کے مالیاتی پیکجز کا اعلان کیا گیا تھا۔

بینک آف کوریا نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ 2020ء کے دوران ملکی اقتصادی شرح نمو میں  0.2 فیصد کمی ہوگی جبکہ آئی ایم ایف نے اپنی حالیہ رپورٹ میں جنوبی کوریا کی اقتصادی شرح نمو میں 1.2 فیصد کمی کی پیش گوئی کی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here