پاکستان ٹڈی دل کا مقابلہ کیسے کر رہا ہے؟

وزارت فوڈ سکیورٹی، محکمہ زراعت، فوج کی مشترکہ ٹیمیں مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کیخلاف اب تک 238399 اسکوائر کلومیٹر رقبہ پر سروے، 4967 مربع کلومیٹر میں کنٹرول آپریشن کر چکی ہیں، نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر

1174

اسلام آباد: وزارت فوڈ سکیورٹی، محکمہ زراعت اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف بھرپور سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں، 52 متاثرہ اضلاع میں 1100 سے زائد مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں اور اب تک 23 لاکھ 8 ہزار 399 اسکوائر کلومیٹر (تقریباً 2.4 کروڑ ہیکٹر)  رقبہ پر سروے کیا جا چکا ہے جبکہ 4 ہزار 967 مربع کلو میٹر(تقریباً 496700 ہیکٹر) رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے

نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ایک لاکھ 8 ہزار 647 ہیکٹر رقبے پر سروے کیا گیا ہے اور دو اضلاع (میانوالی اور ڈی جی خان) میں ٹڈی دل کی موجودگی کی صورت میں 116 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ اِس آپریشن میں 2100 سے زائد افراد اور 200 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔

اب تک پنجاب میں 36 اضلاع میں 79 لاکھ 36 ہزار 384 ہیکٹر ایریا پر سروے اور ایک لاکھ 73 ہزار 936 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔

صوبہ سندھ میں 73 ہزار 462 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور سات اضلاع (نوشہروفیروز، جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، کشمور، خیر پور اور شکارپور) میں ٹڈی دل کی موجودگی کی تصدیق ہونے پر 572 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ اِس آپریشن میں 387 افراد (بشمول پاک فوج) پر مشتمل 35 ٹیموں اور 60 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔

سندھ بھر میں اب تک31 لاکھ 26 ہزار 604 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 38 ہزار 672 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ میں اب تک 74 ہزار 125 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 9 اضلاع (ڈی آئی خان، ٹانک، ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی اور خیبر) میں ٹڈی دل کی موجودگی کی تصدیق ہونے پر 974 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ اِس آپریشن میں 900 سے زائد افراد (بشمول پاک فوج) پر مشتمل 80 ٹیموں اور 100 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔

کے پی میں اب تک 32 لاکھ 64 ہزار 629 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 40 ہزار 337 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔

بلوچستان میں 11 لاکھ 5 ہزار 249 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 33 اضلاع (خضدار، آوران، نوشکی، چاغی، گوادر، لسبیلہ، کیچ، پنجگور، خاران، واشک، کوئٹہ، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، ڈکی، ہرنائی، جعفرآباد، جھل مگسی، بولان، قلات، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللی، کوہلو، لورالائی، مستونگ، موسیٰ خیل، نصیر آباد، پشین، سبی، سراب، صحبت پور، ژوب اور زیارت) میں ٹڈی دل کی موجودگی کی تصدیق کے بعد تین ہزار 827 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔

اِس آپریشن میں تقریباً 1200 سے زائدافراد اور 100 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اب تک صوبہ بھر میں 8895914 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 281372 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔

کنٹرول آپریشن کے دوران ٹڈی دل کے مؤثر تدارک کے لیے ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ایریل اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ غیر روایتی طریقوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

کاشتکار حضرات ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع دینے اور مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے  نمبرز 051-9274980-2، 051-111222999 اور موبائل 0320-5800120-4 پر کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here