ٹرانسپورٹرز کا ٹول ٹیکس میں کمی، ٹوکن ٹیکس میں ایک سال کی رعایت دینے کا مطالبہ

706

اسلام آباد: آل پاکستان ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن (اے پی ٹی او ایف) نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بے روزگاری سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹیکسز اور دیگر اخراجات کی معافی کا اعلان کیا جائے۔

فیڈریشن نے کہا ہے کہ شعبہ میں کام کرنے والے کارکنوں کے روزگار کو بچانے کلئے ٹول ٹیکسز میں کمی اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی میں ایک سال کی رعایت کے علاوہ ٹوکن ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہ کیا جائے۔

اے پی ٹی او ایف کے صدر وسیم کھوکھر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے عید سے قبل ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی اور اس کیلئے ایس او پیز بھی تیار کئے ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو بعض مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت شعبہ کے تمام شراکت داروں سے مشاورت کے ساتھ ایس او پیز تیار کرے تاکہ ان کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں کام کرنے والے 70 فیصد کارکنوں کا روزگار ختم ہو گیا ہے کیونکہ وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ کے پیش نظر عید کے موقع پر بھی لوگوں نے سفر سے گریز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے خدشات کو مد نظر رکھے ہم بھی عوام کو باسہولت، محفوظ اور سستی سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here