تنقید سامنے آنے پر جاوید جبار 10ویں این ایف سی ایوارڈ سے مستعفی

731

کراچی: سابق سینیٹر جاوید جبار نے سیاسی مخالفین کی جانب سے تنقید کی وجہ سے دسویں قومی مالیاتی ایوارڈ (این ایف سی) سے استعفیٰ دے دیا۔

جاوید جبار کا نام 12 مئی کو این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کی نمائندگی کیلئے شامل کیا گیا تھا جس کیلئے انہوں نے وزیر مملکت عارف علوی، گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیر اعلیٰ جام کمال کا شکریہ ادا کیا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی شہری اور کسی بھی صوبے کا رہائشی اہلیت کی بنیاد پر این ایف سی ایوارڈ میں کسی بھی صوبے کی نمائندگی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی بلوچستان کے عوام کے ساتھ 45 سال پرانی وابستگی ہے، اس دوران دو بار سینیٹر، تین دفعہ وفاقی کابینہ کا حصہ رہنے کے علاوہ کئی اعلیٰ عہدوں پر کام کیا اور این ایف سی میں بلوچستان کی نمائندگی بھی اسی لیے کی تاکہ اپنی استطاعت کے مطابق صوبے کی ترقی کے عمل میں مثبت کردار ادا کر سکوں۔ اس کیلئے جہاں بلوچستان کے اندر سے کافی حمایت ملی وہاں کچھ سیاسی مخالفین نے مخالفت بھی کی عدالت سے رجوع کر لیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے ہی این ایف سی ایوارڈ کی اصل روح ہے، اس کیلئے بلوچستان کے اندر بھی اتفاق رائے پایا جانا ضروری ہے، اس کے بغیر ایوارڈ پر اعتراضات سامنے آتے رہیں گے اور اس کا اصل مقصد حاصل نہیں ہو سکے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here