اسلام آباد : بجٹ 2020-21 میں تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافے کے حوالے سے پُرامید سرکاری ملازمین کے لیے اچھی خبر سامنے آ گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت کورونا کے باعث پیدا ہونے والے مشکل حالات کے باوجود پنشن اور تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ 12 جون کو مالی سال 2020-21 کے بجٹ کا اعلان کریں گے اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان نے ضروری اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا، برطانیہ کا پاکستان کومزید کئی ملین پاؤنڈ امداد دینے کا اعلان
روزگارفنانس سکیم ، مختلف اداروں، کمپنیوں کیلئے 61 ارب روپے سے زائد کے قرضے منظور
پانچ لاکھ قرض داروں کا سٹیٹ بنک کی ری شیڈولنگ سکیم سے استفادہ
بجٹ میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کیے جانے کا امکان ہے تاہم اس اضافے کا اطلاق وفاقی کابینہ کے ارکان پر نہیں ہوگا۔
اُدھر وفاقی بجٹ کی تیاری کا کام زور و شور سے جاری ہے جسے وقت پر مکمل کرنے کے لیے وزارت خزانہ کے افسران کے اسلام آباد چھوڑنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے معیشت پر منفی اثرات کے باعث بجٹ اہداف میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ معاشی بحالی کے لیے سازگار فضا قائم کی جاسکے۔
حکومت نے سال کے 130 دن قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے 5 جون سے پارلیمان کا میراتھون اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، اسی سیشن کے دوران بجٹ بھی پیش کیا جائے گا ۔
وزیر اعظم کے مشیر بابر اعوان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ ملکی تاریخ میں قومی اسمبلی کا سب سے طویل سیشن ہوگا جو کہ 5 جون سے شروع ہوکر 13 اگست تک چلے گا۔