لاہور: حکومت نے تمام ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز کو بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی، غیر ملکی پروازیں خالی آئیں گی، صرف پاکستان سے مسافروں کو لے جانے کی اجازت ہوگی۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے ای) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومتی اجازت کے بعد ملک بھر کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے آؤٹ باؤنڈ انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن (پاکستان سے دیگر ممالک کیلئے جانے والی پروازیں) رات 12 بجے سے شروع کر دیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن کے مطابق تمام ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز کو اپنی آؤٹ باؤنڈ بین الاقوامی پروازیں شروع کر دیں گے جن میں شیڈول، نان شیڈول اور چارٹر پروازیں شامل ہیں۔
بین الاقوامی فلائٹ آپریشن آج رات 12 بجے ملک کے تمام بین الاقوامی ائیرپورٹس سے شروع ہو جائے گا تاہم ایئرلائنز کو گوادر اور تربت کے ہوائی اڈوں سے آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ائیرلائنز کیلئے ایس او پیز کی پاسداری لازمی ہوگی، ہوائی جہازوں میں جراثیم کش اسپرے اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا جبکہ ہوائی اڈوں میں رش لگانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
حکومتی اجازت کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم میں وضاحت جاری کی کہ صرف پاکستان سے بیرون ملک جانے والی پروازیں مسافر لے جاسکیں گی، ائیرلائنز کو بیرون ملک سے مسافر پاکستان لانے کی اجازت نہیں ہوگی، فی الحال صرف آؤٹ باؤنڈ پروازوں کو مسافروں کو لے جانے کی اجازت ہوگی۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو صرف خصوصی پروازیں پاکستان لاسکیں گی۔