اسلام آباد: ٹڈی دل سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ہاٹ لائن (051-111-222-999) قائم کردی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ کسان اپنے علاقوں میں ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع یا متاثرہ علاقوں میں سپرے کے لیے ہاٹ لائن پر 24 گھنٹے شکایات رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
اس سے قبل رواں ہفتے ٹڈی دل نے سندھ اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں آم، کپاس اور دیگر فصلوں کو بری طرح تباہ کر دیا ہے، اگر ان حشرات سے فصلوں کو محفوظ کرنے کے لیے مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں زیادہ نقصانات کا خدشہ ہے۔
ملتان، راجن پور، مظفرگڑھ اور کندھ کوٹ کے علاقوں میں بھی ٹڈی دل نے آم، کپاس اور چاولوں کی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
ٹڈی دل کا بدترین حملہ، پاکستان میں خوراک کی قلت کا خدشہ
پاکستان کی ٹڈی دل سے نمٹنے ڈی ایف آئی ڈی سے تکنیکی معاونت کی درخواست
ترکی کی پاکستان کو ٹڈی دل بحران سے نمٹنے کے لیے امداد کی پیشکش
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس حوالے سے رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعظم عمران خان کو 15 مئی کے بعد سندھ کے زرعی علاقوں پر ٹڈی دل کے ممکنہ حملوں سے متعلق خبردار کیا تھا۔
وزیراعظم کو ایک خط میں سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں اگر سپرے نہ کیا گیا تو فصلیں تباہ ہو سکتی ہیں۔
مراد علی نے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے اس حوالے سے چھ ماہ قبل مرکزی حکومت سے امداد کی درخواست کر دی تھی، بدقسمتی سے تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ منگل کو چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹینینٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا بریفنگ میں ٹڈی دل کے حملوں سے نمٹنے کے اقدامات سے متعلق معلومات سے آگاہ کیا تھا۔
چئیرمین این ڈی ایم اے نے کہا تھا کہ ملتان، بہاولپور، ڈیراغازی خان اور فیصل آباد ڈویژنز کے علاوہ اوکاڑہ، بھکر اور لیہ کے اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف ایک بڑا آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ٹڈی دل کے حملوں پر نظر رکھنے کے لیے ہمارے پاس وافر مقدار میں کیڑے مار سپرے کا ذخیرہ ہے۔ چین نے ایک لاکھ لٹر اور لامبڈا نے 75 ہزار لٹر میلاتھین فراہم کی ہے جبکہ 50 ہزار لٹر کا مزید مذکورہ سپرے جاپان سے آئے گا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا تھا کہ این ڈی ایم اے نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ان میں سے ہر ایک کیڑے مار دوا کا ایک لاکھ لٹر آرڈر کیا ہے۔
محمد افضل کا کہنا تھا کہ “این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہوائی سپرے کرنے کے لیے نو جہازوں کا انتظام کیا ہے جو سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کیا جائے گا”۔
چئیرمین این ڈی ایم اے نے کہا تھا کہ ٹڈی دل آئندہ ماہ کے پہلے اور دوسرے ہفتے کے دوران ایران اور مسقط کی جانب سے پاکستان میں داخل ہو سکتے ہیں، این ڈی ایم اے نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ڈی جی خان، ڈیرااسماعیل خان اور ایران کی سرحدوں کے ساتھ مؤثر سپرے کے آلات کے ساتھ جہاز تعینات کر رکھے ہیں۔