کورونا کے باوجود دو ماہ میں دنیا کے 25 ارب پتیوں کی دولت میں بے پناہ اضافہ

مہلک وائرس کے باعث جہاں کاروباروں کی اکثریت کو مندے اور گھاٹے کا سامنا کرنا پڑا وہیں 25 افراد ایسے بھی ہیں جنھیں مہلک وائرس نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا بلکہ انہوں نے اس موقع سے اندھا دھند کمائی کی

729

واشنگٹن: دنیا کو گزشتہ چھ ماہ سے کورونا وائرس اور اس کے پیدا کردہ معاشی بحران کا سامنا ہے لیکن کچھ ایسے امیر ترین افراد بھی جو پچھلے دو ماہ میں پہلے سے بھی زیادہ دولت مند ہو گئے ہیں۔

امریکی جریدے فوربز کی فہرست میں شامل 25 دولت مند ترین افراد کی دولت میں پچھلے 60 دنوں میں 255 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

یہ 25 افراد مجموعی طور پر 1.5 کھرب ڈالر کے دھن دولت کے مالک ہیں جو کہ دنیا کے تمام ارب پتیوں کی دولت کے 16 فیصد کے برابر ہے۔

پچھلے دو ماہ میں سب سے زیادہ پیسہ  فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے کمایا اس عرصے میں انکی کمپنی ( فیس بک )  کے شئیرز کی قدر میں 60 فیصد اضافہ ہوا۔

اس کی وجہ سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ کی جانب سے چھوٹے کاروباوں کو سہولیات کی فراہمی ہے۔

مارک زکر برگ اب فوربز کی امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ اپریل میں جاری ہونے والی فہرست میں وہ ساتویں پوزیشن پر تھے۔ ان کی دولت کا حجم 86.5 ارب ڈالر ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

کینیڈا کی سب سے بڑی ائیرلائن کورونا سے متاثر، ہزاروں ملازمین نکالنے کا فیصلہ

ایف بی آر کا رئیل اسٹیٹ، جواہرات اور زیورات کے بزنس سے وابستہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ، نئے قوانین لاگو ہونگے

فیس بک کی مکیش امبانی کی کمپنی میں 5.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری

اسی طرح گزشتہ دو ماہ میں سب سے زیادہ دولت کمانے میں دوسرا نمبر جیف بزوز کا ہے جو کہ ای کامرس کمپنی ایمازون کے مالک ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے نتیجے میں انکی کمپنی کی کمائی میں دن دگنا رات چوگنا اضافہ ہوا۔ جیف بزوز اب  146.9 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔

اس عرصے میں جس شخص کی دولت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا وہ چین کی دوسری بڑی ای کامرس کمپنی Pinduoduo کے مالک Colin Zheng Huang ہیں۔

ایک ایسے وقت میں جب کورونا لاک ڈاؤن کے باعث مارکیٹیں اور دکانیں بند تھیں اور خریداری کا واحد سہارا ای کامرس کمپنیاں تھیں تو کولن کی کمپنی نے اپنے صارفین کو پر کشش آفرز کی مدد سے متوجہ کیا اور خوب منافع کمایا۔

مارچ میں Pinduoduo کے شئیرز کی قدر دگنی ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں چالیس سالہ Colin Zheng Huang کی کمائی میں 17.9 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

کولن اب چین کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں اور انکی دولت کا کل حجم 35.6 ارب ڈالر ہے۔

اُدھر اس عرصے میں کمائی کرنے میں بھارت کے ارب پتی بزنس مین مکیش امبانی بھی کسی سے پیچھے نہیں اور انکی دولت میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔

فیس بک کی جانب سے مکیش امبانی کی کمپنی ’ جیو ‘ میں 5.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بعد مکیش امبانی اپریل میں ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

اس کے علاوہ کے کے آر کی جانب سے 1.5 ارب ڈالر اور امریکی کمپنی سلور لیک کی طرف سے 750 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے بعد ایک ماہ سے کم کےعرصے میں امبانی کی کمپنی ’ جیو ‘ میں 10 ارب ڈالر کے سرمائے کا اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ دو ماہ میں امبانی کی دولت میں 20 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور اس وقت وہ 52.7 ارب ڈالر کے دھن و دولت کے مالک ہیں۔

زیر تجزیہ عرصے میں سب سے زیادہ فائدہ ان افراد کو ہوا جنھوں نے ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں فوربز کی امیر ترین افراد کی  فہرست میں پہلی 25  شخصیات کی دولت میں کورونا وائرس کے معاشی اثرات کے باوجود بلکل بھی کمی نہیں ہوئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here